Maktaba Wahhabi

293 - 2029
(476) خواب میں کسی مردہ انسان کو دیکھنا السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ خواب میں ہمیشہ  کسی مردہ انسان کو  دیکھنے  کی کیا تعبیر ہے؟ الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! اگر مردہ کو خواب میں دیکھنے کی کوئی اچھی صورت  ہو تو  اس کے لیے  بہتری  وبھلائی  کی امید ہے  اور اگر ایسا نہ ہو تو  یہ شیطانی  کارروائی  ہوسکتی  ہے  کیونکہ شیطان  کبھی  بھی اپنے  آپ کو  اس طرح  کسی مردہ  انسان کی ناپسندیدہ  صورت میں بھی پیش کرتا ہے 'جس  سے زندہ  انسان  کو حزن وملال ہو کیونکہ شیطان کی ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے  کہ  وہ ایسے  کام کرے' جن سے مومنو ں کو غم  وفکر  اور حزن  وملال لاحق  ہو جیسا کہ ارشاد باری  تعالیٰ ہے: ﴿إِنَّمَا النَّجویٰ مِنَ الشَّیطـٰنِ لِیَحزُنَ الَّذینَ ءامَنوا وَلَیسَ بِضارِّ‌ہِم شَیـًٔا إِلّا بِإِذنِ اللَّہِ ۚ... ﴿١٠﴾... سورة المجادلة "(کافروں کی)  سرگوشیاں تو شیطان  (کی حرکات ) سے ہیں'(جو) اس لیے(کی جاتی ہیں) کہ مومن  (ان سے) غم  ناک ہوں جب کہ وہ  (شیطان) اذن الہی کے بغیر  انہیں کوئی نقصان  نہیں  پہنچاسکتا۔" لہذا  انسان اگر  کسی مردہ کے حوالہ سے خواب میں کوئی ناپسندیدہ  بات دیکھے 'تو اسے چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے شیطان  اور اس برے خواب کے شر سے پناہ  مانگے  اور اس  میت کے بارے  میں جو خواب  دیکھا ہو وہ کسی  سے بیان نہ کرے 'اس سے میت کو کوئی نقصان  نہیں ہوگا۔اسی طرح  جب بھی انسان  خواب  میں کسی  ناپسندیدہ  بات کو دیکھے تو اسے چاہیے کہ  شیطان  اور اس  برے خواب  کے شر سے  اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگے 'اپنے  بائیں  طرف تین بار  تھوک لے اور جس  کروٹ پر پہلے  لیٹا ہوا تھا 'اسے بدل  لے اور اگروہ  وضو  کرکے نماز  بھی پڑھ لے  تو یہ بہت پاکیزہ  اور افضل بات ہے'اور  جو اس نے  برا  خواب  دیکھا ہو 'اس کے بارے میں کسی  سے بات نہ کرے اس سے  یہ خواب اسے کوئی نقصان  نہیں پہنچاسکے گا۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج4ص362
Flag Counter