Maktaba Wahhabi

1393 - 2029
(499) جسے معلوم نہ ہو کہ اس گوشت پر اللہ کا نام لیا گیا تھا یا نہیں؟ السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ جب ہمارے سامنے کھانے کیلئے گوشت پیش کیا جائے اور ہمیں یہ معلوم نہ ہوکہ اس پر اللہ تعالیٰ کانام لیا گیا تھا یا نہیں تو ہم اس وقت کیا کریں؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! صحیح بخاری میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: «إِنَّ قَوْمًا یَأْتُونَا بِاللَّحْمِ، لاَ نَدْرِی: أَذُکِرَ اسْمُ اللَّہِ عَلَیْہِ أَمْ لاَ؟ فَقَالَ: «سَمُّوا عَلَیْہِ أَنْتُمْ وَکُلُوہُ» قَالَتْ: وَکَانُوا حَدِیثِی عَہْدٍ بِالکُفْرِ » (صحیح بخاری) ’’کچھ لوگوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا ہمارے پاس کچھ لوگ گوشت لے کر آتے ہیں اورہمیں نہیں معلوم کہ انہوں نے اس پر اللہ کا نام لیا ہے یا نہیں؟ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم خود نام لے لیا کرو اور اسے کھا لیا کرو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتی ہیں کہ یہ لوگ نئے نئے مسلمان ہوئے تھے‘‘۔ اس طرح کے لوگوں پر فرعی اور دقیق احکام مخفی ہوتے ہیں کیونکہ انہیں صرف وہی شخص جان سکتا ہے جو مسلمانوں کے درمیان رہتا ہو ۔ اس کے باوجود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سوال کرنے والوں کی رہنمائی فرمائی کہ تم خود اللہ کا نام لے اور کھا لو یعنی کھانے پر اللہ تعالیٰ کا نام لے لو اور اسے کھا لو۔ اور تمہارے علاوہ ان دیگر لوگوں کا فعل جن کا تصرف صحیح ہے۔ صحت پر محمول کیا جائیگا ‘ اس کے بارے میں سوال نہیں کیا جائیگا کیونکہ یہ تکلف اور غلو شمار ہوگا اور اگر ہم اس قسم کے سوال شروع کر دیں تو اپنے آپ کو بہت تکلیف میں مبتلا کر دیں گے کیونکہ پھر توہمارے سامنے پیش کئے جانے والے ہر کھانے کے بارے میں یہ احتمال ہوگا کہ شاید یہ جائز نہیں کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جس نے آپ کو کھانے کی دعوت دی اور اسے آپ کے سامنے پیش کیا اس کا یہ کھانا غصب شدہ یا مسروقہ ہو یا ممکن ہے کہ اس کی جو قیمت ادا کی گئی ہو‘ وہ حرام ہو۔ گوشت کی صورت میں احتمال ہے کہ اسے ذبح کرتے وقت اللہ کا نام نہ لیا گیا ہو۔ الغرض! اس طرح کے کئی شکوک و شبہات پیدا ہو سکتے ہیں مگر اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر رحمت کے پیش نظر یہ قرار دیا ہے کہ فعل جب اپنے اہل سے صادر ہو تو بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ اسے اسی طرح سر انجام دیا گیا ہو جس سے انسان بری الذمہ ہو جاتا ہے لہٰذا اس صورت میں کھانا وغیرہ کھانے میں کوئی حرج نہیں۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج3ص458
Flag Counter