Maktaba Wahhabi

1267 - 2029
(30) لادین۔ این۔ جی۔ اوز سے مالی امداد کی شرعی حیثیت؟ السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ شمالی علاقہ جات اور چترال میں آغاخانیت کے پیروکار آغاخان فاؤنڈیشن اور آغاخان سپورٹ پروگرام وغیرہ کا آغاز کرکے غریب و نادار لوگوں کو رفاہ عامہ کے نام سے مالی تعاون کے بدلے اپنی تنظیم کی رکنیت دیتے ہیں اور خطیر رقم خرچ کرتے ہیں کیا قرآن وسنت کی رو سے ان تنظیموں کی رکنیت اختیار کرکے اس طرح فنڈ حاصل کیے جاسکتے ہیں کہ نہیں؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! انسانی زندگی اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت ہے اس کی قدر کرتے ہوئے اسلامی اصولوں اور ضابطوں کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے، اگر یہی اللہ تعالی کی نافرمانی میں بسر ہو تو پھر یہ انسان کے لیے وبال جان بن جاتی ہے، اس لیے کوشش کرنی چاہیے کہ یہ اسلام کے سنہری ضابطوں کے مطابق بسر ہوتا کہ دنیا اور آخرت میں کامیابیوں سے ہمکنار ہوسکے۔ ان ضابطوں میں سے ایک ضابطہ اللہ تعالی نے یہ مقرر کیا ہے کہ نیکی کے کاموں پر آپس میں تعاون اور برائی کی مخالفت کی جائے۔ اللہ تعالی کا ارشاد گرامی ہے: ﴿وَتَعاوَنوا عَلَی البِرِّ‌ وَالتَّقویٰ ۖ وَلا تَعاوَنوا عَلَی الإِثمِ وَالعُدو‌ٰنِ ﴿٢﴾... سورة المائدة ’’ نیکی اور پرہیزگاری میں ایک دوسرے کی امداد کرتے رہو اور گناہ اور ظالم و زیادتی میں مدد نہ کرو ‘‘ جب اس سنہری ضابطہ اور اصول کے مطابق ہم فی نفسہ مسئلہ پر غور کرتے ہیں تو پھر یہ بات روز روشن کی طرف عیاں ہوتی ہے کہ ہمیشہ لادینی طاقتوں نے رفاہ عامہ کے نام مسلمانوں پر خرچ کرکےان کو بے راہ روی پر چلانے اور ان کے درمیان باطل عقائد کی ترویج کی ہے۔ ماضی کی طرح اب بھی شمال علاقہ جات میں لوگوں کی غربت اور بنیادی سہولتوں سے محرومی دیکھ کر آغا خانی تنظیم کی سرگرمیاں بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہیں، کیونکہ یہ تنظیم رفاعی کاموں پر خرچ کرکے مسلمانوں کی اپنی تنظیم کارکن بناتی اور اہل اسلام کے اندر اپنے باطل نظریات کی ترویج کرتی ہے اس طرح سے اس تنظیم کا کارکن بننا اور مالی تعاون لینا یہ برائی پر تعاون اور اس کے برے مقاصد کی تکمیل ہے جو کہ شرعاًکسی  طرح بھی جائز نہیں، بلکہ منع اور حرام ہے اس کے علاوہ جب ایک چیز کے فوائد بھی ہوں اور نقصانات بھی لیکن نقصانات زیادہ ہوں۔ تو اس سے فوائد لینا جائز نہیں ہوتا، جیسا کہ اللہ تعالی نے شراب اور جوا کے بارے میں فرمایا: ﴿یَسـَٔلونَکَ عَنِ الخَمرِ‌ وَالمَیسِرِ‌ ۖ قُل فیہِما إِثمٌ کَبیرٌ‌ وَمَنـٰفِعُ لِلنّاسِ وَإِثمُہُما أَکبَرُ‌ مِن نَفعِہِما٢١٩﴾ کہ ان دونوں میں فوائد بھی ہیں لیکن مفاسد فوائد سے زیادہ ہیں اس لیے ان کے منافع اور فوائد کو حرام قرار دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ جب کسی چیز میں دو احتمال ہوں، یعنی اچھائی اور برائی ، تو پھر احتیاط والی جانب کو اختیار کرنا چاہیے، جیسا کہ مشکوۃٰ باب اللعان میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سودہ بنت زمعہ کو ان کے بھائی سے بطور احتیاط پردہ کا حکم دیا تھا۔ صورت مسئولہ میں آغاخان کی امداد لینے میں اگرچہ ظاہری فوائد ہیں، لیکن اس کے نقصانات زیادہ ہیں کیونکہ اس امداد کے عوض وہ اپنے غلط نظریات اور مذموم مقاصد حاصل کرتے ہیں،اس لیے اس قسم کی تنظیموں سے امداد لینا یہ برائی اور غلط نظریات  کی ترویج پر تعاون ہے جوکہ شرعاً حرام ہے۔ اہل اسلام پر ان سے بچنا ضروری ہے اور حکومت کو بھی چاہیے، وہ ان کی اسلام دشمن سرگرمیوں کو روکے تاکہ سادہ لوح مسلمان بے راہ روی کا شکار ہونے بچ سکیں۔ فقط حافظ عبدالوہاب روپڑی ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ محمدیہ ج1ص215
Flag Counter