Maktaba Wahhabi

1487 - 2029
سونے کے رنگ کی گھڑی پہننا السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ گولڈن کلر یعنی سونے کے رنگ کی کلائی گھڑی پہننا جائز ہے یا نہیں؟اگرچہ اس کا چین سونے کا نہیں ہوتا لیکن اس پر سونے کا پانی ضرور ہوتا  ہے؟کتاب وسنت کی روشنی میں اس کی وضاحت فرمائیں۔  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:‘‘ان سے دریافت کریں کہ کس نے اللہ تعالیٰ کی اس زینت کو حرام کیا ہے، جسے اس نے اپنے بندوں کےلئے پیدا کیا ہے۔ (۷/الاعراف:۳۲) اس آیت کریمہ کی رو سے  انسا ن کےلئے ہرقسم  کی زینت کا استعمال حلال ٹھہرتا ہے لیکن احادیث  سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کےلئے ہرقسم کی زینت مطلق طورپر حلال نہیں ہے بلکہ اس کےلئے کچھ حدود ہیں۔ جن کی تفصیل حسب ذیل ہے: ٭اس زینت کی حرمت نص قطعی سے ثابت نہ ہو، جیسا کہ سونے اور ریشم کےمتعلق حدیث میں ہے کہ ان کا استعمال عورتوں کے لئے جائز اور مردوں کے لئے ناجائزہے۔ فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ‘‘سونا اور ریشم میری امت کی عورتوں کےلئے حلال اورمردوں کے لئے حرام کیا گیا ہے۔’’ (مسند امام احمد،ص:۳۹۲،ج ۴) ٭اس زینت سےنمود و نمائش اور ریاکاری مقصود نہ ہو ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ ‘‘مجھے تمہارے متعلق زیادہ اندیشہ شرک اصغر ، یعنی ریاکاری میں  مبتلا ہوجانے کا ہے۔’’ (مسند امام احمد،ص:۴۲۸،ج۵) ٭عورتوں سےمشابہت کرنے کےلئے اس زینت کو استعمال نہ کیا گیا ہو ۔ حدیث میں ہے کہ ‘‘اللہ تعالیٰ نے ان مردوں پر لعنت کی ہے جو عورتوں کی مشابہت اختیار کرتے ہیں۔’’ (مسند امام احمد،ص:۳۳۹،ج۱) ٭زینت اختیار کرتے وقت غیر مسلم اقوام کی نقالی مقصود نہ ہو، جیسا کہ ہمارے ہاں بعض منچلے شوق فضول کی خاطر گلےمیں صلیب وغیرہ لٹکا لیتے ہیں۔ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے متعدد مرتبہ یہود و نصاریٰ کی مشابہت اختیار کرنے سےمنع فرمایا، نیز آپ نے فرمایا کہ‘‘جو انسان کسی دوسرے کی نقالی کرتا ہے ، وہ انہیں سے شمار ہوگا۔’’صورت مسئولہ میں مذکورہ بالا حدود و قیود کی پابندی کرتے ہوئے گولڈن کلر،یعنی سونے رنگ جیسی کلائی گھڑی استعمال کی جاسکتی ہے۔ (واللہ اعلم ) ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اصحاب الحدیث ج2ص452
Flag Counter