Maktaba Wahhabi

71 - 2029
(117) عورت محرم کے بغیر سفر نہ کرے السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ محرم کے بغیر بیرون ملک سے کسی خادمہ کے آنے کے بارے میں کیا حکم ہے کیا خادمہ کا محرم کے بغیر اپنے ملک سے آنا اور محرم کے بغیر اس گھر میں قیام کرنا جہاں وہ خدمت سرانجام دیتی ہو،ممنوع ہے؟ الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! محرم کے بغیر کسی عورت کے لئے سفر کرنا جائز نہیں خواہ وہ خادمہ ہو یا کوئی اور کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((ولاتسافر المرأة إلا مع ذی محرم )) ( صحیح البخاری)  ’’محرم کے بغیر کوئی عورت سفر نہ کرے۔‘‘ البتہ گھر میں اس کی موجودگی محرم کی محتاج نہیں ہے لیکن کسی اجنبی مرد کو اس کے ساتھ خلوت کی اجازت نہیں ہے کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((لا یخلون رجل بامرأة إلا مع ذی محرم )) (صحیح البخاری)  ’’کوئی مرد محرم کے بغیر کسی عورت کے ساتھ خلوت اختیار نہ کرے۔‘‘ نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((لایخلون أحدکم بامرأة فإن الشیطان ثالثہما )) ( جامع الترمذی)  ’’جب بھی کوئی مرد  کسی عورت کے ساتھ خلوت اختیار کرتا ہے تو ان میں تیسرا شیطان ہوتا ہے۔‘‘ اس حدیث کو امام احمد رحمۃ اللہ علیہ نے صحیح سند کے ساتھ حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج3ص94
Flag Counter