Maktaba Wahhabi

1004 - 2029
(246)کیا گانے اور موسیقی سننا جائز ہے؟ السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ کیا مسلمان کے لیے گانا اور موسیقی سننا جائز ہے؟ اس دلیل سے کہ وہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر نشر کیے جاتے ہیں؟ (عبدالرحمن۔ ع۔ ا)  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! :… گانے اور آلات موسیقی سننا جائز نہیں۔ کیونکہ یہ نماز اور اللہ تعالیٰ کے ذکر سے روکتے ہیں اور اس لیے بھی کہ انہیں سننے سے دل مریض اور سخت ہو جاتے ہیں۔ جبکہ اللہ تعالیٰ کی کتاب مبین اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، آپ پر اپنے پروردگار کی طرف سے صلوٰۃ وسلام ہو، کی سنت اس کی حرمت پر دلالت کرتے ہیں۔ چنانچہ کتاب اللہ میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿وَمِنَ النَّاسِ مَن یَشْتَرِی لَہْوَ الْحَدِیثِ لِیُضِلَّ عَن سَبِیلِ اللہ...٦﴾...لقمان ’’اور لوگوں میں کوئی ایسا ہے جو بیہودہ باتیں خریدتا ہے تاکہ ان سے لوگوں کو اللہ کی راہ سے بہکا دے۔‘‘ اس آیت میں اکثر علمائے مفسرین نے اور دوسرے علماء نے بھی لہو الحدیث کی تفسیر گانے اور آلات موسیقی سے کی ہے۔ اور بخاری رحمہ اللہ نے اپنی صحیح میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((لَیَکُونَنَّ مِنْ اُمَّتی اقوامٌ یَسْتَحِلُّونَ: الحِرَ، والْحَریرَ، والْخَمْرَ، والمَعَازِفَ)) ’’میری امت سے ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو زنا، ریشم، شراب اور گانے بجانے کو حلال بنا لیں گے۔ـ‘‘ حر کا معنی حرام شرمگاہ ہے اور حریر (ریشم) معروف ہے جو مردوں پر حرام ہے اور خمر (شراب) معروف ہے اور خمر ہر وہ چیز ہے جو نشہ آور ہو اور یہ تمام مسلمانوں پر حرام ہے۔ خواہ وہ مرد ہوں یا عوتیں اور خواہ چھوٹے ہوں یا بڑے… اور نشہ آور چیزوں کا استعمال کبیرہ گناہ ہے… اور معازف گانے اور گانے کے آلات کو شامل ہے۔ جیسے موسیقی اور کمان، عود اور رباب اور ایسے ہی دوسرے گانے بجانے کے آلات۔ اس باب میں مذکورہ آیت وحدیث کے علاوہ او ر بھی آیات واحادیث ہیں۔ جن کا ذکر علامہ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب اغاثَة الْلَھْفَاِن فی مَکَائِدِ الشَّیطَان میں کیا ہے۔ ہم تمام مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے ہدایت، توفیق اور اس کے غضب کے اسباب سے عافیت کی دعا کرتے ہیں۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ دارالسلام ج 1
Flag Counter