Maktaba Wahhabi

1543 - 2029
صاحب ’’زمان‘‘ کا مطلب السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ تصوف کی طرف منسوب لوگ کہتے ہیں: فلاں ’’صاحب زمان‘‘ ہے اور اہل فلاں ’’اہل تعریف‘‘ میں سے ہے‘ اس کا مطلب کیا ہے؟ اس قسم کا عقیدہ رکھنے والے کا کیا حکم ہے؟ اگر کسی شخص کے متعلق (یقین کے ساتھ) معلوم ہو کہ وہ اس قسم کا عقیدہ رکھتا ہے تو کیا اس کے پیچھے نماز پڑھنا درست ہے؟  الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! ’’صاحب زمان‘‘ کا مطلب ان کے نزدیک یہ ہے کہ ایک انسان ایسا ہے جس کے ہاتھ میں مخلوقات کا تمام کام ہیں اور وہ ان کے کامو ںمیں تصرف کرسکتاہے یعنی انہیں مصیبتوں سے نجات دے سکتاہے اور مشکلات سے چھڑا سکتا ہے اور جسے چاہے جو بھلائی چاہے دے سکتا ہے۔ جو شخص اس قسم کا عقیدہ رکھے اس نے اللہ تعالیٰ کی ربوبیت اور مخلوقات کے معاملات کے انتظام میں اللہ کا شریک بنالیا۔ لہٰـذا ایسے شخص کے پیچھے نماز پڑھنا یا اسے مسلمانوں کا حاکم بنانا یا نماز میں مسلمانوں کا امام بنانا درست نہیں‘ کیونکہ اس نے صریح کفر اور واضح شرک کا ا رتکاب کیا ہے۔ بلکہ وہ زمانہ جاہلیت کے مشرک لوگوں سے بھی بدتر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ﴿قُلْ مَن یَرْزُقُکُم مِّنَ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ أَمَّن یَمْلِکُ السَّمْعَ وَالْأَبْصَارَ وَمَن یُخْرِجُ الْحَیَّ مِنَ الْمَیِّتِ وَیُخْرِجُ الْمَیِّتَ مِنَ الْحَیِّ وَمَن یُدَبِّرُ الْأَمْرَ ۚ فَسَیَقُولُونَ اللَّـہُ ۚ فَقُلْ أَفَلَا تَتَّقُونَ ﴿٣١﴾ فَذَٰلِکُمُ اللَّـہُ رَبُّکُمُ الْحَقُّ ۖ فَمَاذَا بَعْدَ الْحَقِّ إِلَّا الضَّلَالُ ۖ فَأَنَّیٰ تُصْرَفُونَ ﴿٣٢﴾... یونس ’’کہہ دیجئے (یعنی ان سے پوچھئے) کون ہے جو تمہیں آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہے؟ یا کون ہے جو کانوں اور آنکھوں کا مالک ہے؟ اور بے جان سے جان دار کو اور جان دار سے بے جان کو کون نکالتا ہے؟ اور کون کاموں کی تدبیر کرتاہے؟ وہ کہیں گے: اللہ (ہی یہ سب کام کرتاہے) کہئے ’’پھر کیا تم (اس سے) ڈرتے نہیں ہو؟ یہ ہے اللہ ‘تمہارا سچا مالک۔ تو حق کے بعد گمراہی کے علاوہ اور کیا رہ جاتا ہے؟ پھر تمہیں کدھر پھیرا جارہا ہے؟‘‘ اس کے علاوہ بھی بہت سی آیات میں یہ مضمون بیان ہوا ہے۔ ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ دارالسلام ج 1
Flag Counter