’’اور کتاب میں اسماعیل کا ذکر کر، یقینا وہ وعدے کا سچا تھا اور ایسا رسول جو نبی تھا۔اور وہ اپنے گھر والوں کو نماز اور زکوٰۃ کا حکم دیتا تھا اور وہ اپنے رب کے ہاں پسند کیا ہواتھا۔‘‘ پس قابل غور پہلو یہ ہے کہ آپ ( علیہ السلام ) کے اہل (گھر والے) کون تھے جنھیں آپ نماز کا حکم دیتے تھے؟ یہ آیت اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی طرح ہے جس میں اس نے اپنے نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کو مخاطب کرکے کہا ہے: وَأْمُرْ أَهْلَكَ بِالصَّلَاةِ وَاصْطَبِرْ عَلَيْهَا ۖ (طہ: 132) ’’اور اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دو اور اس پر خوب پابند رہو۔‘‘ بلاشبہ اس حکم میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام بیویاں یا کم از کم خدیجہ رضی اللہ عنہا ضرور شامل ہیں کیونکہ یہ سورۃ مکی ہے۔[1] نیز ایک جگہ فرمایا: وَاسْتَبَقَا الْبَابَ وَقَدَّتْ قَمِيصَهُ مِن دُبُرٍ وَأَلْفَيَا سَيِّدَهَا لَدَى الْبَابِ ۚ قَالَتْ مَا جَزَاءُ مَنْ أَرَادَ بِأَهْلِكَ سُوءًا إِلَّا أَن يُسْجَنَ أَوْ عَذَابٌ أَلِيمٌ ﴿٢٥﴾ (یوسف:25) ’’اور دونوں دروازہ کی طرف دوڑے اور اس عورت نے اس کی قمیص پیچھے سے پھاڑ دی اور دونوں نے اس کے خاوند کو دروازہ کے پاس پایا، اس عورت نے کہا کیا جزا ہے اس کی جس نے تیری گھر والی کے ساتھ برائی کا ارادہ کیا، سوائے اس کے کہ اسے قید کیا جائے، یا دردناک سزا ہو۔‘‘ صاف ظاہر ہے کہ یہاں اہل سے مراد عزیز مصر کی بیوی ہے اور خطاب عزیز مصر کو کیا گیا ہے۔[2] ج: رجس (گندگی) کی دور ی سے عربی زبان اور قرآنی بیان میں عصمت کا معنی ثابت نہیں ہوتا: راغب اصفہانی’’مفردات الفاظ القرآن‘‘ میں ’’رجس‘‘ کے مادہ میں لکھتے ہیں کہ گندی و ناپاک چیز کو ’’الرجس‘‘ کہا جاتا ہے، چنانچہ گندے لوگوں کو ’’رجل رجسی‘‘ اور ’’رجال ارجاس‘‘ کہتے ہیں۔ اللہ کا ارشاد ہے: رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ (المائدۃ: 90) ’’گندی چیز ہے، شیطانی کام ہے۔‘‘ شریعت میں رجس کا اطلاق شراب اور جوئے پر بھی ہے۔ کافروں کو اللہ تعالیٰ نے شرک کے اعتبار سے رجس ’’ناپاک‘‘ کہا، کیونکہ شرک کرنا عقلاً نہایت ہی قبیح و بدترین چیز ہے۔ فرمایا: وَأَمَّا الَّذِينَ فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ فَزَادَتْهُمْ رِجْسًا إِلَىٰ رِجْسِهِمْ (التوبۃ:125) ’’اور رہے وہ لوگ جن کے دلوں میں بیماری ہے تو اس نے ان کو ان کی گندگی کے ساتھ اور گندگی میں زیادہ کر دیا۔‘‘ |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |