امیر المومنین علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کا تواضع: تواضع، اخلاق حمیدہ کا ایک ایسا حصہ ہے جو علی رضی اللہ عنہ کی عظیم شخصیت میں بدرجہ اتم موجود تھی۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَلَا تَمْشِ فِي الْأَرْضِ مَرَحًا ۖ إِنَّكَ لَن تَخْرِقَ الْأَرْضَ وَلَن تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُولًا ﴿٣٧﴾ (الاسرائ:37) ’’اور زمین میں اکڑ کر نہ چل، بے شک تو نہ کبھی زمین کو پھاڑے گا اور نہ کبھی لمبائی میں پہاڑوں تک پہنچے گا۔‘‘ اور فرمایا: وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ وَلَا تَمْشِ فِي الْأَرْضِ مَرَحًا ۖ إِنَّ اللَّـهَ لَا يُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ ﴿١٨﴾ وَاقْصِدْ فِي مَشْيِكَ وَاغْضُضْ مِن صَوْتِكَ ۚ إِنَّ أَنكَرَ الْأَصْوَاتِ لَصَوْتُ الْحَمِيرِ ﴿١٩﴾ (لقمان:18-19) ’’اور لوگوں کے لیے اپنا رخسار نہ پھلا اور زمین میں اکڑ کر نہ چل، بے شک اللہ کسی اکڑنے والے، فخر کرنے والے سے محبت نہیں کرتا۔ اور اپنی چال میں میانہ روی رکھ اور اپنی آواز کچھ نیچی رکھ، بے شک سب آوازوں سے بری یقینا گدھوں کی آواز ہے۔‘‘ سورۂ اسراء کی مذکورہ آیت کریمہ میں تواضع، نرمی اور عزت نفس کی معرفت جیسے مکارم اخلاق سے آراستہ ہونے کی واضح دعوت دی گئی ہے، تکبر، انکار حق، اکڑپن اور لوگوں کو حقارت کی نگاہوں سے دیکھنے جیسی نفسانی رعونت سے صراحتاً منع کیا گیا ہے، اور ان کے برخلاف تواضع و میانہ روی کا واضح حکم ہے، حالانکہ مذکورہ اوصاف مذمومہ سے ممانعت ہی سے یہ بات سمجھی جاسکتی تھی کہ ان کے برخلاف تواضع اور منکسر المزاجی مطلوب ہے۔ نیز اللہ تعالیٰ نے مذکورہ اوصاف مذمومہ سے متصف انسانوں کے لیے اپنی جس ناراضی اور سخت غصہ کا اظہار دوسری آیت میں صراحت سے کیاہے اس کی طرف اشارہ پہلی آیت میں بھی کیا تھا۔ فرمایا: إِنَّ اللَّـهَ لَا يُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ ﴿١٨﴾ (لقمان:18) ’’بے شک اللہ کسی اکڑنے والے، فخر کرنے والے سے محبت نہیں کرتا۔‘‘ پس اللہ کی عدم پسندیدگی کا مطلب ہوا ایسے انسان سے اللہ کی نفرت۔ گویا تواضع و خاکساری پر ابھارا گیا ہے کہ اس میں مومن کے لیے کفایت ہے۔[1] اللہ نے صرف اسی پر بس نہیں کیا بلکہ خندہ جبین متواضع انسانوں کو خوب خوب سراہا اور فرمایا: وَعِبَادُ الرَّحْمَٰنِ الَّذِينَ يَمْشُونَ عَلَى الْأَرْضِ هَوْنًا وَإِذَا خَاطَبَهُمُ الْجَاهِلُونَ قَالُوا سَلَامًا ﴿٦٣﴾ (الفرقان:63) |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |