Maktaba Wahhabi

84 - 1201
(2) قبول اسلام اور ہجرت سے قبل مکہ کے اہم کارنامے قبول اسلام: اللہ تعالیٰ نے علی بن ابی طالب کے حق میں جو خصوصی انعام، اور خیر وبرکت مقدر کر رکھا تھا، اس کا ظاہری سبب یہ ہوا کہ قریش سخت تنگ حالی کی مصیبت سے دوچار ہوئے، اورابوطالب کثیر العیال تھے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے چچا عباس سے جو خوشحال لوگوں میں سے تھے، کہا: چچا!آپ کے بھائی ابوطالب کثیر العیال ہیں اور آپ کو معلوم ہے کہ لوگ کس طرح مصائب سے دوچار ہیں، چلیے ان کا کچھ بوجھ ہلکا کریں، ان کے بال بچوں میں سے ایک کی پرورش میں اپنے ذمہ لیتا ہوں، اورایک آپ اپنے ذمہ لے لیں، عباس نے کہا: ٹھیک ہے۔ چنانچہ دونوں ابوطالب کی خدمت میں پہنچے او رکہا: ہم دونوں اس لیے آئے ہیں کہ جب تک یہ تنگی اور سختی کا زمانہ ہے، اور جس میں سب ہی گرفتار ہیں، اس وقت تک ہم آپ کے بال بچوں کا کچھ بوجھ اپنے ذمہ لے کر آپ کی پریشانیوں کو ہلکا کریں، ابوطالب نے ان دونوں سے کہا: عقیل کو میرے پاس چھوڑ دو، باقی کے بارے میں جس طرح چاہو فیصلہ کرلو، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے علی رضی اللہ عنہ کی ذمہ داری خود لی، اور جعفرکی کفالت عباس رضی اللہ عنہ نے قبول فرمائی،علی رضی اللہ عنہ اس وقت سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے وابستہ رہے، یہاں تک کہ وہ وقت آیا جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے نبی بنا کر مبعوث کیا اور علی بن ابی طالب نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اتباع کیا، آپ کی صداقت پر ایمان لائے، اور تصدیق کی، جبکہ جعفر عباس رضی اللہ عنہ کی کفالت میں رہے یہاں تک کہ اسلام لیے آئے، اور کفالت کی ضرورت باقی نہ رہی۔[1] اس واقعہ میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے چچا محترم ابوطالب کو ان کی بے انتہا شفقت اور عظیم احسان کا بہترین صلہ دینا چاہتے تھے، کیوں کہ دادا عبدالمطلب کے بعد انھوں نے ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کفالت کی تھی، چنانچہ علی رضی اللہ عنہ پر اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت یہ رہی کہ ان کی تربیت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر سایہ ہوئی اور ایسی ذات نے آپ کو ادب سکھایا جو اللہ کی تربیت یافتہ تھی، اوراللہ نے اسے اپنے حفظ و امان میں رکھا تھا، قرآن اس کے اخلاق کا آئینہ دار تھا، پس اس عظیم ترین شخصیت کی تربیت کی برکت تھی کہ علی رضی اللہ عنہ قرآنی اخلاق کے ڈھانچہ میں ڈھل اور سنور گئے، اور یہی تربیت آپ کی پہلی و آخری تربیت ٹھہری۔ چنانچہ اسلامی گھرانہ میں آپ پلے بڑھے، زندگی کے بالکل ابتدائی مرحلہ ہی سے اسلام کے اسرار و رموز
Flag Counter