Maktaba Wahhabi

704 - 1201
10۔عائشہ، خدیجہ اور فاطمہ رضی اللہ عنہن کے مابین تقابل: امام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ’’مجموعی طور سے اس امت کی خواتین میں سب سے افضل خدیجہ، عائشہ اور فاطمہ رضی اللہ عنہن ہیں، البتہ ان میں کون کس سے افضل ہے یہ ایک مختلف فیہ مسئلہ ہے۔‘‘[1] اسی طرح آپ رحمۃ اللہ علیہ سے پوچھا گیا کہ خدیجہ اور عائشہ میں کون کس سے افضل ہے؟ تو آپ نے جواب دیا: شروع اسلام میں خدیجہ رضی اللہ عنہا کی اسلام کی طرف پیش قدمی، اس سے لگاؤ اور اس کی نصرت و تائید آپ کی ایسی فضیلت ہے جس میں عائشہ رضی اللہ عنہا اور دیگر امہات المومنین شریک نہیں ہیں، اسی طرح عہد نبوت کے بعد کے اسلامی دور میں عائشہ رضی اللہ عنہا کا دینی لگاؤ، اس کے لیے تڑپ، اسے امت محمدیہ تک پہنچانا اور اس میں گہرائی و گیرائی کا جو ملکہ آپ کو ملا اس میں خدیجہ رضی اللہ عنہا اور دیگر امہات المومنین شریک نہیں، یہ سب آپ کے امتیازی فضائل میں سے تھیں۔[2] حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ’’فاطمہ کی افضلیت متفق علیہ ہے، البتہ عائشہ اور خدیجہ رضی اللہ عنہا میں کون کس سے افضل ہے اس سلسلہ میں اختلاف ہے۔‘‘[3] آپ رحمۃ اللہ علیہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث جس میں ہے کہ جبریل علیہ السلام نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور ان سے کہا کہ خدیجہ کو ان کے رب کا اور میرا سلام کہہ دیجیے۔[4] کی شرح میں لکھتے ہیں کہ سہیلی نے فرمایا: اس واقعہ سے ابوبکر بن پاؤں نے عائشہ رضی اللہ عنہا پر خدیجہ کی فضیلت کے لیے استدلال کیا ہے، بایں طور کہ عائشہ رضی اللہ عنہا پر جبریل علیہ السلام نے اپناسلام عرض کیا تھا، جب کہ خدیجہ کو ان کے رب نے سلام کہا۔ اور ابن العربی کا خیال ہے کہ عائشہ رضی اللہ عنہا پر خدیجہ رضی اللہ عنہا کی افضلیت میں کوئی اختلاف نہیں ہے، حالانکہ آپ کا یہ خیال غلط ہے، اس لیے کہ یہ ایک قدیم اختلاف ہے، اگرچہ اس روایت سے اور دیگر روایات سے بھی خدیجہ رضی اللہ عنہا کی افضلیت ثابت ہو رہی ہے۔[5] مذکورہ خواتین کے مابین افضلیت کے باب میں وارد شدہ نصوص پر دقیق نظر اور تحقیقی مطالعہ کے بعد ہم اس نتیجہ پر پہنچتے ہیں کہ ان میں سب سے افضل خدیجہ ہیں، پھر فاطمہ، پھر عائشہ رضی اللہ عنہا ، اس لیے کہ تین روایات سے خدیجہ رضی اللہ عنہا کی فضیلت علی الاطلاق ثابت ہو رہی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
Flag Counter