Maktaba Wahhabi

109 - 263
سر سید احمد خان اور دیگر منکرین نسخ کی تفسیر پر علامہ سعیدی رحمہ اللہ کا تعاقب: ’’سر سید نے سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 106 کی تفسیر میں لکھا ہے کہ اس مقام میں آیت کے لفظ سے قرآن کی آیت مراد نہیں ہے بلکہ موسوی شریعت کے احکام جو شرع محمدی میں تبدیل ہو گئے یا جن احکام شریعت موسوی کو یہودیوں نے بھلا دیا تھا وہ مراد ہیں‘‘ علامہ سعیدی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ قرآن مجید کی تفسیر یا تو خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد سے اور آپ کی حدیث سے ہوتی ہے یا صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کے بیان سے یا اقوال تابعین رحمہ اللہ کے بیان سے ہوتی ہے‘ سر سید نے لکھا ہے کہ اس آیت سے مراد موسوی شریعت ہے اس کا نہ کسی حدیث میں ذکر ہے نہ صحابہ کرام میں سے کسی سے مروی ہے اور نہ تابعین عظام میں سے کسی کا یہ قول ہے‘ یہ صرف سر سید کی تفسیر بالرائے ہے اس لیے مردود ہے۔[1] استاذ العلماء مولانا محمد اشرف سیالوی صاحب رحمۃ اللہ علیہ ‘شیخ الحدیث جامعہ غوثیہ مہریہ منیر الاسلام لکھتے ہیں: علامہ سعیدی نے اس عظیم شرح میں صرف اپنے زور بیان اور منفرد اسلوبِ نگارش کا لوہا ہی نہیں منوایا بلکہ تحقیق وتدقیق کے جواہر نفیسہ کے خزائن کی بے دریغ سخاوت کی ہے اور کتاب کے ہر صفحہ کو طالبانِ تحقیق کے لیے خوانِ یغما بنا دیا ہے اور تشنگان حقائق ومعارف کے لیے اس کے ہر باب کو چشمۂ آبِ حیواں بنا دیا ہے‘ آپ نے اس لاثانی شرح کے ذریعہ جہاں علماء اہلسنّت کے لاج رکھ لی ہے وہاں عوامِ اہلسنّتِ پر بالخصوص اور عالم اسلام پر بالعموم احسان عظیم فرمایا ہے۔اللہ تعالیٰ بطفیلِ مقرّبان بارگاہ نازان کی اس سعی جمیل کو قبول عام بخشے اور سر چشمۂ فیض عام بنائے۔[2] علامہ سعیدی رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق معاصرین کے تاثرات: (الف)جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے شیخ الحدیث عبد المالک لکھے ہیں: شیخ الحدیث مولانا مفتی غلام رسول سعیدی رحمۃ اللہ علیہ عصرِ حاضر کے ممتاز مفسر‘عظیم القدر محدث اور وسیع النظر فقیہہ تھے۔متعدد گراں قدرعلمی تصانیف ان کی باقیات الصالحات ہیں۔انہیں علمی گہرائی‘گیرائی اور استحضار میں خصوصی مقام حاصل تھی۔ مختصر وقت میں ایک مثالی اور جامع کتاب پیش کر دیتے تھے۔ (ب)علامہ سید محمود احمد رضوی رحمۃ اللہ علیہ ‘ شارح صحیح بخاری وشیخ الحدیث دار العلوم حزب الاحناف‘لاہور لکھتے ہیں: شرح صحیح مسلم محقق عصر حضرت علامہ غلام رسول سعیدی رحمۃ اللہ علیہ زیدمجدہ کی عظیم وجلیل القدر تالیف ہے‘ جہاں تک میرے علم ونظر کا تعلق ہے ابھی تک صحیح مسلم کی اردو میں ایسی جامع شرح میری نظر سے نہیں گزری۔ (ج)مفتی اعظم پاکستان علامہ منیب الرحمان مد ظلہ العالی‘مہتمم دارالعلوم نعیمیہ کراچی لکھتے ہیں:
Flag Counter