(2) سیّدنا علی رضی اللہ عنہ عہدفاروقی میں سیّدنا علی رضی اللہ عنہ حکومت فاروقی کی مجلس شوریٰ کے ایک نمایاں ممبر تھے، بلکہ اگر کہا جائے کہ آپ ہی مشیر اوّل تھے، تو کوئی بیجا نہ ہوگا۔ عمر رضی اللہ عنہ ، علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت فقاہت، اور حکمت کے معترف تھے اور ان کے بارے میں بہترین رائے رکھتے تھے، ان کے بارے میں عمر رضی اللہ عنہ کایہ قول ہے کہ ہم میں سب سے بہتر ین فیصلہ کرنے والے علی( رضی اللہ عنہ ) ہیں۔ [1] ابن الجوزی لکھتے ہیں کہ ابوبکر و عمر دونوں ہی علی رضی اللہ عنہ سے مشورہ لیا کرتے تھے اور عمر بسا اوقات کہتے تھے: ’’ایسے پیچیدہ معاملات سے اللہ کی پناہ چاہتا ہوں جسے ابوالحسن نہ حل کرسکیں۔‘‘ [2] مسروق کا بیان ہے: ’’لوگ چھ آدمیوں کے پاس اپنے معاملات ومسائل لے کر جاتے تھے وہ عمر، علی، عبداللہ، ابوموسیٰ، زید بن ثابت اور اُبی بن کعب رضی اللہ عنہم تھے‘‘ اور کہا کہ ’’میں نے اصحاب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو علم میں آزمایا تو معلوم ہوا کہ چھ لوگوں پر ان کے علوم کی انتہا ہے۔ وہ عمر، علی، عبداللہ، ابو دردائ، اُبی بن کعب اور زید بن ثابت رضی اللہ عنہم ہیں، پھر ان چھ کے درمیان میں نے مقابلہ کیا تو دیکھا کہ صرف دو کے علم پر بقیہ لوگوں کے علم کی انتہا ہے، وہ علی اور عبداللہ رضی اللہ عنہما ہیں۔‘‘[3] مسروق ہی کا قول ہے کہ ’’ تین شخصیات پر علم کی انتہا ہے، ایک عالم مدینہ، دوسرے عالم شام اور تیسرے عالم عراق۔ مدینہ کے بڑے عالم علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ ہیں، کوفہ کے بڑے عالم عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ ہیں اور شام کے بڑے عالم ابودرداء رضی اللہ عنہ ہیں اوراگر کبھی یہ تینوں یکجا ہوتے تو عالم شام اور عالم عراق عالم مدینہ سے سوال کرتے اور وہ ان سے سوال نہ کرتے۔[4] علی رضی اللہ عنہ ، عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے مقرب ترین لوگوں میں سے تھے ان سے مکمل تعاون کرتے تھے، جن معاملات ومسائل میں صریح نص نہ ہوتی انھیں حل کرنے میں نوخیز حکومت کے معاملات کی تنظیم میں عمر رضی اللہ عنہ کے ساتھ پوری کوشش کرتے تھے۔ اس کی کئی مثالیں اور دلائل ہیں، یہاں چند ایک کا تذکرہ کیا جارہا ہے: |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |