(3) امیرالمومنین علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی فقاہت عبادات سیّدنا علی رضی اللہ عنہ دینی علم و بصیرت کا سمند رتھے، آپ نے عبادات کے احکامات بتانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، اگر ان احکامات کویکجا کیا جائے تو کئی ضخیم جلدیں درکار ہوں گی۔[1] میں اس کتاب میں بطور مثال صرف چند احکام کا مجموعہ ذکر کروں گا: طہارت کے احکام 1۔ شیر خوار بچی کا پیشاب دھویا جائے گا اور بچے کے پیشاب پر چھینٹے مارے جائیں گے: امیر المومنین علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: بچی کا پیشاب دھویا جائے گا اور بچے کے پیشاب پر چھینٹے مارے جائیں گے، جب تک کہ وہ اناج نہ کھائیں۔[2] اس کی دلیل یہ ہے کہ جب حسین بن علی رضی اللہ عنہما نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں پیشاب کردیا تو لبابہ بنت حارث رضی اللہ عنہا نے کہا: اے اللہ کے رسول! آپ مجھے اپنا کپڑا دے دیں اور دوسرا کپڑا پہن لیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بچے کے پیشاب پر چھینٹے مارے جائیں گے اور بچی کا پیشاب دھویا جائے گا۔[3] 2۔ بیٹھنے والے کی نیند اور اس کے ناقض وضو ہونے کا حکم: امام عبدالرزاق نے اپنی مصنف میں اپنی سند سے لکھا ہے کہ علی اور ابن مسعود رضی اللہ عنہما اور امام شعبی نے بیٹھ کر سونے والے آدمی کے بارے میں فتویٰ دیا کہ اس پر وضو لازم نہیں ہے۔[4] اس کی دلیل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث ہے: ((اَلْعَیْنُ وِکَائُ السَّہِ فَمَنْ نَامَ فَلْیَتَوَضَّأْ۔))[5] |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |