Maktaba Wahhabi

474 - 1201
ہے کہ وہ کافر نہیں قرار دیا جائے گا، البتہ فاسق گردانا جائے گا، اس سے توبہ کرائی جائے گی، اگر توبہ کر لے توبہتر، ورنہ شادی شدہ زانی کی طرح بطور حد اسے قتل کیا جائے گا، دونوں میں فرق یہ ہوگا کہ اسے پتھروں سے رجم کرنے کے بجائے تلوار سے مارا جائے گا اور سلف کی ایک جماعت اس بات کی قائل ہے کہ اسے کافر کہا جائے گا۔ علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے یہی مروی ہے۔ نیز احمد بن حنبل سے ایک روایت اور عبداللہ بن مبارک، اسحاق بن راہویہ اور بعض اصحاب شافعی کا یہی مسلک ہے، جب کہ امام ابوحنیفہ، فقہائے کوفہ کی ایک جماعت اور امام شافعی کے شاگرد مزنی کا مسلک یہ ہے کہ نہ اسے کافر کہا جائے گا اور نہ اسے قتل کیا جائے گا، بلکہ تعزیری سزا دی جائے گی اور جب تک وہ نماز نہ پڑھنے لگے قید میں رکھا جائے گا۔[1] 3۔نماز اس کے وقت میں دوبارہ لوٹانا: سیّدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے نزدیک اگر کوئی شخص نماز سے فارغ ہوچکا ہو اور پھر جماعت کی فضیلت حاصل کرنے کے لیے اسی نماز کو اسی کے وقت میں دوبارہ پڑھے تو پہلی نماز فرض اور دوسری نفل ہوگی۔[2] حارث سے روایت ہے کہ سیّدنا علی رضی اللہ عنہ سے ایسے شخص کے بارے میں سوال کیا گیا جس نے تنہا نماز پڑھ لی تھی، پھر جماعت سے وہی نماز دوبارہ پڑھی اس کی کون سی نماز فرض ہوگی؟ آپ نے فرمایا: اس کی پہلی نماز ۔[3] اس کی دلیل ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ((کَیْفَ اَنْتَ اِذَا کَانَتْ عَلَیْکَ اُمَرَائُ یُمِیْتُوْنَ الصَّلَاۃَ اَوْ یُؤَخِّرُوْنَ الصَّلَاۃِ عَنْ وَقْتِہَا، قَالَ: قُلْتُ: فَمَا تَأْمُرُنِیْ؟ قَالَ صَلِّ الصَّلَاۃَ لِوَقْتِہَا فَإِنْ اَدْرَکْتَہَا مَعَہُمْ فَصَلِّ فَإِنَّہَا لَکَ نَافِلَۃٌ۔))[4] ’’اس وقت تم کیا کرو گے جب تمھارے حکمران نماز کو مردہ کرکے یا وقت سے مؤخر کرکے پڑھیں گے، پھر میں نے عرض کیا: آپ ہمیں کیا حکم دیتے ہیں؟ فرمایا: نماز کو اس کے وقت پر پڑھ لینا پھر اگر تم نماز کو ان کے ساتھ پاؤ تو پڑھ لو، وہ تمھارے لیے نفل ہوجائے گی۔‘‘ اس حدیث سے وجہ استدلال یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے باجماعت پڑھی ہوئی نماز کو نفل سے تعبیر کیا[5] اور اگر مغرب کی نماز لوٹا رہا ہے تو علی رضی اللہ عنہ کے نزدیک ایسے شخص کو چاہے کہ مزید ایک رکعت پڑھ کر اسے جفت بنا دے، چنانچہ حارث علی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: جب مغرب کی نماز کا اعادہ کرے تو مزید ایک رکعت پڑھ کر اسے جفت بنا دے۔[6]
Flag Counter