آگ کی بارش کر دے۔[1] 10۔ باغیوں کے مال کو مال غنیمت بنانا اور ان کی ذریت کو قید کرنا جائز نہیں ہے، اس لیے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((لَا یَحِلُّ مَالُ امْرِیٍٔ مُسْلِمٍ اِلَّا بِطِیْبِ نَفْسٍ مِنْہٗ۔))[2] ’’کسی مسلمان آدمی کا مال بغیر اس کی خوش دلی کے لینا جائز نہیں ہے۔‘‘ چنانچہ علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں مروی ہے آپ نے جنگ جمل کے موقع پر کہا تھا: ’’جو شخص اپنا کوئی سامان کسی ہمارے آدمی کے پاس دیکھے وہ اسے لے لے۔‘‘[3] بعد میں آپ کا یہی موقف خوارج کے لیے باعث اعتراض بن گیا تھا، وہ کہتے تھے: علی نے معاویہ اوران کے ساتھیوں سے قتال کیا، لیکن انھیں گالیاں نہ دیں اور نہ ان کا مال بطور غنیمت لوٹا، پس اگر ان کا خون حلال تھا تومال کیوں نہیں حلال ہوا؟ اور اگر مال حرام تھا تو خون بھی حرام تھا، ان سے قتال کیوں کیا؟ تب ابن عباس رضی اللہ عنہما نے ان سے مناظرہ کے دوران کے اس اعتراض کا جواب اس طرح دیا تھا کہ کیا تم اپنی ماں یعنی عائشہ رضی اللہ عنہا کو گالی دینا پسند کر وگے؟ اور جو کچھ ان کے علاوہ کے لیے جائز سمجھتے ہو ان کے لیے بھی جائز کرو گے؟ اگر تم یہ کہتے ہو کہ وہ تمھاری ماں نہیں ہیں تو تم کفر کا ارتکاب کرو گے اور اگر مانتے ہو کہ تمھاری ماں ہیں پھر بھی انھیں باندی بنانا چاہتے ہو تو یہ بھی کفر ہے۔[4] علامہ بن قدامہ رحمۃ اللہ علیہ اس واقعہ کی روشنی میں لکھتے ہیں کہ چونکہ باغیوں سے قتال کا مقصد محض انھیں پست ہمت کرنا اور حق کی طرف لوٹانا ہے اور ان سے لڑائی کفر کی بنا پر نہیں ہے، اس لیے ان کی جان و مال اور عزت و آبرو پر اتنا ہی ہاتھ اٹھایا جائے گا جتنے سے انھیں پیچھے دھکیلا جاسکے، جیسا کہ حملہ آوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ روا رکھا جاتا ہے اور ان کے اموال و ذریت اپنی اصلی حالت یعنی حرمت کے حکم پر باقی ہوں گے۔[5] البتہ علی رضی اللہ عنہ کے موقف کو سامنے رکھتے ہوئے اتنا کہا جاسکتا ہے کہ ان کے ہتھیاروں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے جیسا کہ ابن ابی شیبہ نے ابوالبختری سے روایت کیا ہے کہ جب اہل جمل شکست خوردہ ہوگئے تو علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جو لشکر سے باہر ہو اسے تلاش نہ کرو اور ان کے جو ہتھیار اور سواریاں تمھیں ملیں وہ تمھاری ہیں۔[6] اور دوسری روایت میں ہے کہ آپ نے فرمایا ان کے لشکر میں پڑے ہوئے مال کے علاوہ کسی دوسرے مال پر قطعاً ہاتھ نہ ڈالنا۔[7] |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |