1۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَعَدَ اللَّـهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنكُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُمْ فِي الْأَرْضِ كَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمْ دِينَهُمُ الَّذِي ارْتَضَىٰ لَهُمْ وَلَيُبَدِّلَنَّهُم مِّن بَعْدِ خَوْفِهِمْ أَمْنًا ۚ (النور:55) ’’اللہ نے ان لوگوں سے جو تم میں سے ایمان لائے اور انھوں نے نیک اعمال کیے، وعدہ کیا ہے کہ وہ انھیں زمین میں ضرور ہی جانشین بنائے گا، جس طرح ان لوگوں کو جانشین بنایا جو ان سے پہلے تھے اور ان کے لیے ان کے اس دین کو ضرور ہی اقتدار دے گا جسے اس نے ان کے لیے پسند کیا ہے اور ہر صورت انھیں ان کے خوف کے بعد بدل کرامن دے گا۔‘‘ اس آیت کریمہ سے علی رضی اللہ عنہ کے استحقا ق خلافت پر اس طرح استدلال کیا گیا ہے کہ آپ منصب خلافت سنبھالنے کے بعد ان خلفاء میں سے ایک ثابت ہوئے جن کے لیے اللہ تعالیٰ نے ان کے دین کو غالب کیا۔ 2: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ((عَلَیْکُمْ بِسُنَّتِیْ وَسُنَّۃِ الْخُلْفَائِ الرَّاشِدِیْنَ الْمَہْدِیِّیْنَ مِنْ بَعْدِیْ تَمَسَّکُوا بِہَا وَعَضُّوا عَلَیْہَا بِالنَّوَاجِذِ۔))[1] ’’تم لوگ میری سنت اور میرے بعد ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کے طریقے کو لازم پکڑو، اسے مضبوطی سے تھام لو، اور مضبوطی کے ساتھ دانتوں سے جکڑ لو۔‘‘ اس حدیث میں خلافت علی کے استحقاق کی دلیل یہ ہے کہ آپ ان ہدایت یافتہ خلفائے راشدین میں سے ایک ثابت ہوئے جنھوں نے امربالمعروف اور نہی عن المنکر کا پورا پورا اہتمام کیا۔ اللہ کی حدود کی حفاظت کی، نماز و زکوٰۃ کے نظام کو قائم کیا اور عدل وحق کی برتری و قیام کے لیے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو نمونہ بنایا۔ 3: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادہے: ((خِلَافَۃُ النُّبُوَّۃِ ثَلَاثُوْنَ سَنَۃً ثُمَّ یُوتِی اللّٰہُ الْمُلْکَ مَن یَّشَائُ۔))[2] ’’خلافت علی منہاج النبوہ کی مدت تیس سال ہے پھر اللہ تعالیٰ جسے چاہے گا بادشاہت دے گا۔‘‘ اس حدیث میں بھی علی رضی اللہ عنہ کے استحقاق خلافت کی طرف اشارہ ملتا ہے، کیونکہ خلافت علی منہاج النبوہ کی جو مدت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مقرر کی ہے اس اعتبار سے ہجرت نبوی کی تیسری دہائی کے اخیر میں آپ کی خلافت منعقد ہوئی۔ اہل علم کا قول اس حدیث سے مطابق ہے۔[3] |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |