’’میں جس کا دوست ہوں علی بھی اس کے دوست ہیں۔‘‘ اس موضوع پر ڈاکٹر علی احمد السالوسی نے ایک بہت ہی عمدہ بحث کی ہے، غدیر خم کے خطبہ اور کتاب و سنت کو لازم پکڑنے کی نصیحت نبوی پر روشنی ڈالی ہے، پھر ان روایات کی تحقیق و تنقید کی ہے جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتاب (قرآن) کو مضبوطی سے پکڑنے اور اپنے خاندان کے بارے میں خیال رکھنے کی تلقین کی ہے، پھر ان روایات پر حکم لگایا ہے اور آخر میں یہ نتیجہ پیش کیا ہے کہ اس مکمل بحث و تحقیق میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ ثقلین والی حدیث ان احادیث میں سے ہے جن کی اسناد صحیح ہیں اور متن بھی صحیح ہیں۔ بقیہ وہ آٹھ روایات جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاندان والوں کے بارے میں خیال رکھنے اور صرف قرآن کو لازم پکڑنے کی تلقین کرتی ہیں، ان میں کوئی روایت ایسی نہیں ہے جس کی سند میں ضعف نہ ہو۔[1] انھی روایات میں سے ایک روایت میں ہمیں ایک ایسی بھی پیشین گوئی ملتی ہے کہ قرآن اور اہل بیت ہرگز جدا نہیں ہوسکتے یہاں تک کہ حوض نبوی پر وہ دونوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے جاملیں گے، اس لیے ان دونوں کو خوب مضبوطی سے پکڑنا ضروری ہوگیا۔ لیکن صورت حال بالکل ان روایات کے خلاف ہے، چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ حُبِّ آل بیت کا دم بھرنے والے کچھ لوگ تو خود بھی گمراہ ہوئے اور دوسروں کو بھی گمراہ کیا، بلکہ اکثر فرقے جنھوں نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں رچائیں، ان کا تعلق انھیں حُبِّ آل بیت کے دعوے داروں سے رہا، جو اس ٹائٹل کو بطور ڈھال استعمال کرتے رہے، جب کہ کچھ آل بیت کی طرف منسوب ہونے والے لوگ اس لیے اس سے لگے لپٹے ہیں تاکہ اس راستہ سے مریدوں سے خمس جیسے دنیوی مال و متاع کو حاصل کرتے رہیں۔ لیکن یہ حقیقت عیاں رہے کہ گمراہی سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ یہ کہ کتاب و سنت کو خوب مضبوطی سے پکڑا جائے، اگر آج بھی اہل بیت کی طرف خود کو منسوب کرنے والے لوگ ان دونوں کو مضبوطی سے تھام لیں تو اس کے ساتھ انھیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف انتساب کی برتری و فضیلت کا درجہ مل سکتاہے اور وہ ائمہ ہدایت بن سکتے ہیں کہ جن کی ہم اقتداء کرتے ہیں جیسا کہ اللہ نے فرمایا: وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا ﴿٧٤﴾ (الفرقان: 74) ’’اے اللہ ہمیں متقیوں کا امام بنا دے۔‘‘ یعنی ان اماموں میں سے جو اپنے سے پیشرو ائمہ کی اقتداء کرتے ہیں اور ہمارے بعد کے لوگ ہماری اقتدا کریں۔ آپ محسوس کرسکتے ہیں کہ یہ امامت اہل بیت کے ساتھ خاص نہیں بلکہ ہر وہ مسلمان فرد جو کتاب و سنت کو مضبوطی سے پکڑے ہو وہ اس منصب کا اہل ہے۔ |
Book Name | سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے |
Writer | ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابی |
Publisher | الفرقان ٹرسٹ خان گڑھ ضلع مظفر گڑھ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | فضیلۃ الشیخ شمیم احمد خلیل السلفی |
Volume | |
Number of Pages | 1202 |
Introduction |