Maktaba Wahhabi

1063 - 1201
اور ساری مخلوق سے افضل ہونے کا بیان‘‘ مجلسی کہتا ہے کہ اللہ نے فرشتوں، دیگر مخلوقات، اور خود انبیاء سے ائمہ کی محبت کا میثاق لیا اور بتایا کہ اولوالعزم پیغمبروں کو ائمہ سے محبت کی بنا پر اولوا العزمی کا مقام ملا۔[1] بہرحال اثنا عشری شیعہ کا جو یہ مذہب ٹھہرا تو غلو کی طرف متعدد تغیرات اور پیش رفتوں کے بعد ٹھہرا، کیونکہ انبیاء پر ائمہ کو فضیلت دینے کے مسئلہ میں یہ لوگ بقول امام ابوالحسن اشعری تین فرقوں میں بٹے رہے: فرقہ اول:… جس کا عقیدہ یہ تھا کہ انبیاء کرام ائمہ سے افضل ہیں، جب کہ انھیں میں سے کچھ کا عقیدہ یہ رہا کہ ائمہ فرشتوں سے افضل ہیں۔ فرقہ دوم:… اس کا عقیدہ ہے کہ ائمہ، انبیاء اور فرشتوں دونوں سے افضل ہیں۔ فرقہ سوم:… جو کہ ائمہ کی امامت اور جداگانہ مذہب کا قائل ہے اس کا عقیدہ یہ ہے کہ ملائکہ اور انبیاء ائمہ سے افضل ہیں۔[2] شیعہ عالم ’’المفید‘‘نے ’’اوائل المقالات‘‘ میں ایک چوتھے مذہب کا اضافہ کیا ہے، جس کے نزدیک ائمہ، اولو العزم پیغمبروں کو چھوڑ کر بقیہ تمام انبیاء سے افضل ہیں۔[3] پھر ان مذاہب میں اعتماد کس پر ہو، اس کی اس نے صراحت نہیں کی، بلکہ توقف اختیار کیا ہے، تاکہ اس سلسلہ میں مزید غور و فکر سے کام لیا جائے۔[4] مذکورہ اقوال و نظریات کو دیکھنے کے بعد بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان تمام تر مذاہب کا انتشار صفوی حکومت کے بڑے بڑے علمائے شیعہ اور ان کے پیروکاروں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کے بعد ائمہ کے حق میں مبالغہ آمیز عقیدت کو اس مذہب میں استحکام مل گیا، حیرت ہے کہ مجلسی نے ’’بحار الأنوار‘‘ میں اس موضوع کے تحت باب باندھتے ہوئے لکھا ہے کہ اولوالعزم پیغمبروں کو اولو العزمی کا خطاب محض ان ائمہ کی محبت کی وجہ سے انھیں ملا۔ [5] بہرحال شیعہ برادری کا عقیدہ جو کچھ بھی ہو، حقیقت یہ ہے کہ جو شخص دیانت داری سے اللہ کی کتاب کو پڑھے گا اسے معلوم ہوگا کہ ان کے ان بارہ ائمہ کا قرآن مجید میں قطعاً کہیں کوئی ذکر نہیں ہے، چہ جائیکہ وہ اللہ کے انبیاء اور رسولوں پر مقدم ہوں۔ اسی طرح یہ پہلو بھی قابل غور ہے کہ قرآن میں انبیاء کرام کو، اللہ کے دیگر نیک بندوں پر مقام اور تذکرہ میں فوقیت حاصل ہے، چنانچہ اللہ کا فرمان ہے: فَأُولَـٰئِكَ مَعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللَّـهُ عَلَيْهِم مِّنَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ ۚ وَحَسُنَ أُولَـٰئِكَ رَفِيقًا ﴿٦٩﴾ (النسائ: 69) ’’اور جو اللہ اور رسول کی فرماں برداری کرے تو یہ ان لوگوں کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ نے انعام کیا، نبیوں اور صدیقوں اور شہداء اور صالحین میں سے اور یہ لوگ اچھے ساتھی ہیں۔‘‘
Flag Counter