Maktaba Wahhabi

106 - 704
بعثتِ نبوی کی بشارتیں بلاشبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت انسانی تاریخ کا عظیم ترین واقعہ ہے ۔ اس لیے کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ انبیاءعلیھم السلام کے سلسلے پر مہر لگادی، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالتِ عظمیٰ کے ذریعے گزشتہ تمام اَدیان کو منسوخ کردیا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ((وَأَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيْنَ يَدَيْهِ مِنَ الْكِتَابِ وَمُهَيْمِنًا عَلَيْهِ)) [المائدہ:48] ’’اور ہم نے آپ پر برحق کتاب نازل کی ہے، وہ اُن کتابوں کی تصدیق کرتی ہے جو اس سے پہلے آچکی ہیں، اور اُن پر غالب وشاہد ہے۔‘‘ معلوم ہوا کہ قرآنِ کریم آخری آسمانی کتاب اور ان سب سے اعظم واکمل ہے ، اور ان سب کی امانت دار ہے، یعنی ان کتابوں میں جو حق بات رہ گئی تھی ، قرآن کریم نے اس کی موافقت کی ہے، اور گزشتہ کتابوں میں انسانوں کے ذریعہ داخل کردہ باطل اقوال وافکار کی تردید کردی ہے۔ ابراہیم واسماعیل ( علیہما السلام ) نے اپنے رب سے دعا کی تھی کہ وہ ان دونوں کی اولاد میں ایک رسول مبعوث فرمائے۔ دونوں نے کہا: ((رَبَّنَا وَابْعَثْ فِيهِمْ رَسُولًا مِنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِكَ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَيُزَكِّيهِمْ)) [البقرہ:129] ’’اور اے ہمارے رب! انہی میں سے ایک رسول ان کی ہدایت کے لیے مبعوث فرما، جو تیری آیتیں پڑھ کر سنائے، اور انہیں قرآن وسنت کی تعلیم دے ، اور انہیں پاک کردے۔‘‘ اور وہ رسول محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہوئے ۔ اس لیے کہ آپ ہی نے لوگوں کو قرآنِ کریم کی آیتیں سنائیں، اور انہیں اس قرآن اور اپنی سنت کی تعلیم دی۔ اللہ تعالیٰ نے ابتدائے آفرینش میں ہی نبیوں سے یہ عہد لیا تھا کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوں تو ان پر سب ایمان لائیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ((وَإِذْ أَخَذَ اللَّهُ مِيثَاقَ النَّبِيِّينَ لَمَا آتَيْتُكُم مِّن كِتَابٍ وَحِكْمَةٍ ثُمَّ جَاءَكُمْ رَسُولٌ مُّصَدِّقٌ لِّمَا مَعَكُمْ لَتُؤْمِنُنَّ بِهِ وَلَتَنصُرُنَّهُ ۚ)) [آلِ عمران:81] ’’اور جب اللہ نے نبیوں سے یہ پختہ وعدہ لیاکہ میں تمہیں جو کچھ کتاب وحکمت دوں ، پھر تمہارے پاس وہ رسول آئے جو تمہاری چیزوں کی تصدیق کرے، تو اُس پر ضرور ایمان لے آؤگے، اور اُس کی ضرور مدد کروگے۔‘‘ اللہ تعالیٰ نے یہ بھی خبر دی ہے کہ موسیٰ اور عیسیٰ علیہما السلام دونوں نبیوں نے اپنی اپنی قوم کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی بشارت دی
Flag Counter