بھی اسلام کو داخل کردیا۔ [1]
ابن القیم رحمہ اللہ نے اس حدیث پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ قیصر شاہِ روم کا نام ہرقل تھا، اور اس نے اسلام لانے کا ارادہ کیا تھا، اور عنقریب تھا کہ قبول کرلیتا، لیکن ایسا نہیں کیا، بعض کا خیال ہے کہ وہ اسلام لے آیا تھا، لیکن یہ قول صحیح نہیں ہے۔ [2]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نامۂ گرامی کسریٰ شاہِ فارس کے نام:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ابن شہاب زہری کے ذریعہ عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا خط کسی صحابی کو دے کربھیجا اور قاصد کو حکم دیا کہ وہ اسے بحرین کے گورنر کو پہنچائے تاکہ وہ اسے کسریٰ تک پہنچادے۔ کسریٰ نے جب اسے پڑھا تو اُسے جلادیا۔ زہری کہتے ہیں، غالباً سعید بن المسیّب رحمہ اللہ کا قول ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بد دعا کردی کہ اللہ فارس والوں کے ٹکڑے ٹکڑے کردے۔ [3]
امام مسلم رحمہ اللہ نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر جابر حکمراں کو لکھا اور انہیں دینِ اسلام کی دعوت دی، اور اُن میں کِسریٰ، قیصراور نجاشی کے نام خصوصی طور پر لیے۔ [4]
ابن سیّد الناس نے کسریٰ کو بھیجے گئے خط کی عبارت شفاء بنت عبداللہ کی روایت سے واقدی کی سند کے ذریعہ نقل کی ہے۔ اُس میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حدیبیہ سے واپسی کے بعد عبداللہ بن حذافہ سہمی رضی اللہ عنہ کو ایک خط دے کر کسریٰ کے پاس بھیجا، پھر اُس خط کی عبارت نقل کی ہے۔
ابن اسحاق نے یزید بن حبیب سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسریٰ کو ایک خط لکھا، اور اسے عبداللہ بن حذافہ رضی اللہ عنہ کو دے کر اس کے پاس بھیجا۔ خط کا ترجمہ مندرجہ ذیل ہے:
’’بسم اللہ الرحمن الرحیم
اللہ کے رسول محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی طرف سے کسریٰ شاہِ فارس کے نام۔ اللہ کی سلامتی ہو اُس آدمی پر جس نے اللہ کی طرف سے بھیجی گئی ہدایت کی پیروی کی، اور اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لایا، اور گواہی دی کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، اس کا کوئی ساجھی نہیں، اور گواہی دی کہ محمد اللہ کے بندہ اور اس کے رسول ہیں۔میں تمہیں اللہ کے دین کی طرف بلاتا ہوں، اس لیے کہ میں تمام بنی نوع انسان کے لیے اللہ کا رسول ہوں، تاکہ اللہ تعالیٰ اس کو ڈرائے جس کا دل زندہ ہے، اور کافروں کے لیے اس کا عذاب ثابت ہوجائے۔ اسلام لے آؤ تو سلامتی پاؤگے، اور اگر تم نے انکار کردیا تو تم پر سارے مجوسیوں کا گناہ لاد دیا جائے گا۔
|