Maktaba Wahhabi

119 - 704
جزیرۂ عرب کی وہ خوبیاں جن کے سبب یہ سرزمین خاتم النّبیین ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی بعثت سے مشرف ہوئی گزشتہ صفحات میں ہمیں اس بات کا علم ہوچکا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ابراہیم علیہ السلام کی دعا کا نتیجہ تھے، اور اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام کو حکم دیا کہ وہ اپنی اولاد کو ایک ایسی وادی میں بسائیں جہاں دور دور تک آب وگیاہ کا نام ونشان نہیں تھا، تاکہ ہزاروں سال تک وہ وادی (مکہ) خاندانِ ابراہیمی کا مسکن بنی رہے، یہاں تک کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا وقت آئے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نبی ورسول اور ہمیشہ کے لیے آسمانی رسالت کا خاتمہ بن کر مبعوث ہوں۔ ہمیں اس بات کا بھی علم ہوچکا ہے کہ تورات وانجیل اور زبورتمام آسمانی کتابوں میں خبردی گئی ہے کہ یہ نبی اُمی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اُس جبل فاران پر تشریف لائیں گے جو مکہ میں پایا جاتا ہے ،اور وہ جزیرۂ عرب کے نبی ہوں گے جیساکہ کتابِ مقدس (إشعیا:21/13)میں آیا ہے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات مشرق ومغرب او رشمال وجنوب سارے عالم کو روشن کردے گی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں اپنے اُسی رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کرکے فرمایا ہے: ((وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا كَافَّةً لِّلنَّاسِ بَشِيرًا وَنَذِيرًا وَلَـٰكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُونَ)) [سبأ: 28] ’’اور ہم نے آپ کو تمام بنی نوع انسان کے لیے خوشخبری دینے والا اور ڈرانے والا بناکر بھیجا ہے، لیکن اکثر لوگ اس بات کو نہیں جانتے ہیں۔‘‘ اور قرآنِ کریم کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ((تَبَارَكَ الَّذِي نَزَّلَ الْفُرْقَانَ عَلَىٰ عَبْدِهِ لِيَكُونَ لِلْعَالَمِينَ نَذِيرًا)) [الفرقان:1] ’’بے شمار خیر وبرکت والا ہے وہ اللہ جس نے اپنے بندے پر فرقان نازل کیا ہے، تاکہ وہ سارے جہان والوں کے لیے (آخرت کے عذاب سے ) ڈرانے والا بنے۔‘‘ ان آیاتِ کریمات سے بلاشبہ یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ جزیرۂ عرب کو اللہ تعالیٰ نے اُس عالمی ودائمی رسالت کے لیے بطور مسکن تیار کررکھا تھا، اور اُس میں اُن تمام خصائص وخوبیوں کو جمع کردیاتھا جن کا اُس میں اِس مقصدِ عظیم کے لیے پایا جانا ضروری تھا۔ اس لیے اب ہمیں دیکھنا ہے کہ وہ کیا خوبیاں تھیں جو جزیرۂ عرب میں پائی گئیں، اور جن کے سبب وہ نبی اسلام ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کا مسکن بنا۔ یہ بات ظاہری دلائل وقرائن کو سامنے رکھتے ہوئے کہی جا رہی ہے ، لیکن جزیرۂ عرب کی وہ تمام خوبیاں جن کے سبب وہ اللہ کی آخری رسالت کا مسکن بنا ،بے شمار ہیں، اور پردۂ غیب میں پوشیدہ ہیں، جنہیں اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا۔
Flag Counter