Maktaba Wahhabi

159 - 704
کرے، اور نسلِ انسانی کی بقا کے لیے اپنی بیوی سے جنسی تعلقات قائم کرے۔ اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تعمیرِ عالم کا بنیادی کام کیا، اور اسے قیامت تک کے لیے فناو انہدام سے محفوظ کردیا۔ (و)… عورتوں کو اُن کا سماجی حق دلایا، اور مردوں کے حقوق کی حفاظت کے ساتھ اُن کے بھی حقوق کی حفاظت کا سامان کیا۔ (ز)… شراب کو حرام قراردیا، جو تمام برائیوں کی جڑ ہے، اور زنا اور اس کے قریب لے جانے والے تمام اسباب وذرائع کو بھی حرام کیا۔ (ح)… صدق وصفا کی تعلیم دی، جو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی صفات میں سے ہے ، اور جھوٹ کی بُرائی کو لوگوں کے دلوں میں بٹھایا۔ 15- ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم تمام انسانوں سے زیادہ صائب رائے اور راجح عقل والے تھے۔ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ اپنی تاریخِ کبیر (البدایہ والنہایہ6/65) میں لکھتے ہیں : ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حقیقی معنوں میں مخلوقِ الٰہی میں سب سے زیادہ کامل وعاقل تھے ۔‘‘ مندرجہ بالا تفصیلات سے یہ بات واضح ہوگئی کہ دینِ اسلام اوراسے لے کر آنے والے محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام اقوامِ عالم کے لیے رحمت تھے،اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت ورہنمائی کے لیے سب سے بہترین رسول بناکر مبعوث کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے قیامت تک کے لیے بعثتِ نبوت پر مہر لگا دی گئی، اور ہر زمان و مکان کے بنی نوع انسان کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم شریعتِ اسلامیہ کو عام کردیا گیا، اور اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اس کی یوں وضاحت کردی کہ: ((هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَىٰ وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ وَلَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُونَ)) [التوبہ:33] ’’وہ اللہ کی ذات ہے جس نے اپنے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) کو ہدایت اور دینِ حق دے کر بھیجا ہے ، تاکہ اسے دنیا کے تمام اَدیان پر غالب کرے، اگرچہ مشرکین ایسا نہیں چاہتے ہیں۔‘‘ ****
Flag Counter