Maktaba Wahhabi

57 - 704
نبی کے دادا ابراہیم علیہ السلام نے رکھی ہے، اور قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے اُس دعوت کی تکمیل کرے۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ البقرہ آیات(127-129) میں فرمایا ہے: ((وَإِذْ يَرْفَعُ إِبْرَاهِيمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَيْتِ وَإِسْمَاعِيلُ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا ۖ إِنَّكَ أَنتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ (127) رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِن ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبْ عَلَيْنَا ۖ إِنَّكَ أَنتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ (128) رَبَّنَا وَابْعَثْ فِيهِمْ رَسُولًا مِّنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِكَ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَيُزَكِّيهِمْ ۚ إِنَّكَ أَنتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ)) ’’اور (یاد کرو) جب ابراہیم ( علیہ السلام ) بیت اللہ کی بنیادیں اٹھا رہے تھے، اور اسماعیل( علیہ السلام ) بھی، اور دعا کرتے تھے کہ اے ہمارے رب! اس عمل کو ہماری طرف سے قبول فر مالے، بے شک تو بڑا سننے والا اور جانے والا ہے۔اے ہمارے رب! ہمیں اپنا اطاعت گزار بندہ بنا، اور ہماری اولاد میں سے بھی ایک جماعت کو اپنا اطاعت گزار بنا۔ اور ہمیں ہماری عبادت کے طریقے سکھا دے، اور ہمیں بخش دے، بے شک تو ہی بخشنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔ اور اے ہمارے رب! انہی میں سے ایک رسول ان کی ہدایت کے لیے مبعوث فرما، جو تیری آیتیں انہیں پڑھ کر سنائے، اور انہیں قرآن وسنت کی تعلیم دے، اور انہیں پاک کرے، بے شک تو بڑا زبردست اور حکمت والا ہے۔‘‘ ابراہیم علیہ السلام نے یہ بھی دعا کی کہ اللہ رب العالمین خانۂ کعبہ کو پُر امن حرم بنا دے، اُن کی اولاد کو بُت پرستی سے بچائے رکھنا، ہمیشہ دعوتِ توحید اور اس کی جڑوں کو مضبوط وپائیدار بنانے کی راہ میں جہاد کرنے کی توفیق عطا فرمانا، لوگوں کے دلوں میں مکہ میں موجود بیتِ حرام اور اُن کی اولاد کی محبت کو راسخ کردے، اور اللہ انہیں انواع واقسام کے پھلوں کے ذریعہ روزی پہنچاتا رہے۔اِنہی دعاؤں کو اللہ تعالیٰ نے سورۂ ابراہیم آیات(35-37) میں یوں ذکر فرمایا ہے: ((وَإِذْ قَالَ إِبْرَاهِيمُ رَبِّ اجْعَلْ هَـٰذَا الْبَلَدَ آمِنًا وَاجْنُبْنِي وَبَنِيَّ أَن نَّعْبُدَ الْأَصْنَامَ ﴿35﴾ رَبِّ إِنَّهُنَّ أَضْلَلْنَ كَثِيرًا مِّنَ النَّاسِ ۖ فَمَن تَبِعَنِي فَإِنَّهُ مِنِّي ۖ وَمَنْ عَصَانِي فَإِنَّكَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ ﴿36﴾ رَّبَّنَا إِنِّي أَسْكَنتُ مِن ذُرِّيَّتِي بِوَادٍ غَيْرِ ذِي زَرْعٍ عِندَ بَيْتِكَ الْمُحَرَّمِ رَبَّنَا لِيُقِيمُوا الصَّلَاةَ فَاجْعَلْ أَفْئِدَةً مِّنَ النَّاسِ تَهْوِي إِلَيْهِمْ وَارْزُقْهُم مِّنَ الثَّمَرَاتِ لَعَلَّهُمْ يَشْكُرُونَ)) ’’اور جب ابراہیم( علیہ السلام ) نے کہا: میرے رب!اس شہر کو پر امن بنا دے، اور مجھے اور میرے بیٹوں کو بتوں کی عبادت سے بچالے،میرے رب! ان بتوں نے بہتوں کو گمراہ کیا ہے، پس جو شخص میری اتباع کرے گا وہ بے شک مجھ میں سے ہوگا، اور جو میری نافرمانی کرے گا، تو بے شک تو بڑا مغفرت کرنے والا، بے حد رحم کرنے والا ہے۔ اے ہمارے رب! میں نے اپنی بعض اولاد کو تیرے بیتِ حرام کے پاس ایک ایسی وادی میں بسایا ہے جہاں کوئی کھیتی نہیں ہے، اے ہمارے رب! میں نے ایسا اس لیے کیا ہے تاکہ وہ نماز قائم کریں، اس لیے تو لوگوں کے دلوں کو ان کی طرف پھیر دے، اور بطور روزی انہیں انواع واقسام کے پھل عطا کر، تاکہ وہ تیرا شکریہ ادا کریں۔‘‘
Flag Counter