رسول کی تکذیب ہے۔ اور ایسے ہی اگر کوئی اللہ کے حرام کردہ کو حلال جانے جبکہ ان کا حرام ہونا دین میں معروف اور واضح ہو مثلاً زنا، شراب، ماں باپ کی نافرمانی، لوٹ، اغلام بازی یا سؤ ر وغیرہ ایسے امور ہیں کہ ان کا دین میں حرام ہونا بالکل واضح ہے نصوص شرعیہ اور اجماع امت سے ثابت ہے تو اگر کوئی ان کے حلال ہونے کا عقیدہ رکھے گا تو اس کے کافر ہونے پر سب علماء کا اجماع ہے اور اس کا حکم شرک اکبر کے مرتکب مشرکین جیسا ہوگا، اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایسی کیفیت سے محفوظ رکھے۔ آمین اسی طرح جو شخص دین کا مذاق اڑائے اس کے کسی حکم کا ٹھٹھا کرے تو وہ بھی کفر اکبر کا مرتکب ہوتا ہے جیسے کہ اللہ عزوجل نے فرمایا ہے: ﴿قُلْ اَبِاللّٰہِ وَ اٰیٰتِہٖ وَرَسُوْلِہٖ کُنْتُمْ تَسْتَہْزِئُ وْنَo لَا تَعْتَذِرُوْا قَدْ کَفَرْتُمْ بَعْدَ اِیْمَانِکُمْ﴾ (التوبۃ: ۶۵۔۶۶) ’’آپ ان منافقین سے کہہ دیجئے کیا بھلا تم اللہ اس کی آیات اور اس کے رسول کے ساتھ مذاق کرتے ہو؟ کسی عذر معذرت کی ضرورت نہیں تم نے ایمان لانے کے بعد کفر کیا ہے۔‘‘ ایسے ہی اگر کوئی اس چیز کی تحقیر کرے جسے اللہ نے معظم قرار دیا ہے۔ اور اسے معمولی جانے تو یہ بھی کفر ہے مثلاً قرآن مجید کی اہانت کرنا، اس پر پیشاب کرنا، اس پر پاؤں رکھنا یا بیٹھنا وغیرہ جب یہ عمل اس کی اہانت و تحقیر سے ہوں تو بالاجماع کفر ہے کیونکہ اس طرح وہ انسان اللہ عزوجل کی تحقیر واہانت کرتا ہے کیونکہ قرآن کریم اللہ کا کلام ہے تو جو اس کی اہانت کرے اس نے اللہ کی اہانت کی۔ یہ مسائل علمائے کرام نے اپنی کتب فقہ میں ’’باب حکم المرتد‘‘ میں درج کیے ہیں ، معروف چاروں مذاہب کی کتب کے یہ حصے انتہائی توجہ اور اہتمام کے ساتھ مطالعہ کے لائق ہیں بالخصوص اس دور میں جب کہ ارتداد کی کئی صورتیں سامنے آئی ہیں اور بہت سے لوگوں کے لیے یہ مسائل خلط ملط ہوئے جاتے ہیں ۔ جو شخص ان ابواب کا دقت نظر سے مطالعہ کرے گا اسے معلوم ہوگا کہ کن کن صورتوں سے عہد اسلام ٹوٹ جاتا ہے اور کن کن باتوں سے ایک مسلمان مرتد ہو جاتا ہے اور کفر وضلالت کی کیا کیا انواع ہیں ۔ شرک اصغر:یہ وہ اعمال ہیں جنہیں حدیث میں شرک کہا گیا ہے مگر یہ شرک اکبر کے درجہ کو نہیں پہنچتے اسی لیے ان کو شرک اصغر کہتے ہیں مثلاً ریاء (دکھلاوا کرنا) اور شہر، (لوگوں میں شہرت کے لیے کوئی کام کرنا) مثلاً اگر کوئی لوگوں کو دکھلانے اور شہرت کے لیے قرآن پڑھے یا دکھلاوے کے لیے دعوت و تبلیغ کا کام کرے، وغیرہ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے تم لوگوں پر سب سے زیادہ جس چیز کا اندیشہ ہے وہ شرک اصغر ہے۔ |
Book Name | تفسیر النساء |
Writer | الشیخ ابن نواب |
Publisher | دار المعرفۃ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | |
Volume | |
Number of Pages | 850 |
Introduction |