سات سو گنا سے بھی زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اللہ تعالیٰ صرف پاک مال ہی قبول کرتا ہے۔ تو جس نے اپنے پاک مال میں سے ایک کھجور برابر صدقہ کیا اللہ تعالیٰ اسے اپنے ہاتھ میں لے لیتا ہے اور اس کی یوں نشوونما کرتا ہے جیسے تم اپنے بچھڑے کی نشوونما کرتے ہو حتیٰ کہ وہ کھجور پہاڑ کے برابر ہو جاتی ہے۔‘‘[1] خرچ اور اس کی مثال ۱۔ بیج یا دانہ جس قدر تندرست و قوی ہو گا اتنی ہی فصل اچھی ہو گی۔ انفاق فی سبیل اللہ میں بیج یا دانہ انسان کی نیت ہے وہ جس قدر خالص اللہ کی رضا کے لیے ہو گی اس قدر آپ کا صدقہ زیادہ پھل لائے گا۔ نیز یہ صدقہ حلال مال سے ہونا چاہیے کیونکہ حرام مال کا صدقہ قبول ہی نہیں ہوتا۔ ۲۔ بیج کی کاشت کے بعد پیداوار حاصل کرنے کے لیے اس کی آبیاری اور کیڑوں مکوڑوں سے حفاظت بھی ضروری ہے ورنہ فصل یا تو برباد ہو جائے گی یا بہت کم فصل پیدا ہو گی اسی طرح صدقہ کے بعد اس کی حفاظت بھی کی جانی چاہیے اور اسے احسان جتا کر یا بیگار لے کر ضائع نہ کرنا چاہیے جیسا کہ اگلی آیت میں آ رہا ہے۔ ۳۔ بعض دفعہ فصل تیار ہو جاتی ہے تو اس پر کوئی ایسی ارضی و سماوی آفت آ پڑتی ہے جو فصل کو بالکل تباہ و برباد کر کے رکھ دیتی ہے۔ انسان کے اعمال میں یہ آفات شرک کی مختلف اقسام ہیں اگر آپ نے بالکل درست نیت سے صدقہ کیا ہے پھر آبیاری و حفاظت بھی کرتے رہے۔ لیکن کسی وقت کوئی شرک کا کام کر لیا تو آپ کے اعمال برباد ہو جائیں گے، اسی طرح اگر وہ کام سنت کے خلاف (یعنی بدعت) ہو گا تو بھی وہ اجر کے بجائے عذاب کا مستحق ہو گا۔ خرچ کر کے احسان جتلانا جو خدا تم پر زندگی کے اسباب و وسائل کا بے حساب فیضان کر رہا ہے اور تمہارے قصوروں کے باوجود تمہیں بار بار بخش رہا ہے وہ ایسے لوگوں کو کیونکر پسند کر سکتا ہے جو کسی غریب کو ایک روٹی کھلا دیں تو احسان جتا جتا کر اس کی عزت نفس کو خاک میں ملا دیں ۔ اسی بنا پر حدیث میں آتا ہے: ’’تین قسم کے لوگوں سے اللہ قیامت کے دن بات چیت نہ کرے گا نہ ان کی طرف نظر رحمت سے دیکھے گا نہ انہیں پاک کرے گا بلکہ ان کے لیے دردناک عذاب ہے ایک تو دے کر احسان جتلانے والا، دوسرا ٹخنوں سے نیچے پاجامہ اور تہبند لٹکانے والا، تیسرا اپنے سودے کو جھوٹی قسم کھا کر بیچنے والا۔‘‘[2] |
Book Name | تفسیر النساء |
Writer | الشیخ ابن نواب |
Publisher | دار المعرفۃ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | |
Volume | |
Number of Pages | 850 |
Introduction |