قرآن میں مذکور اولاد کی وراثت کے حصے سب سے پہلے اولاد کے حصوں کا ذکر کیا گیا ہے اور اس میں یہ کلیہ ذکر کیا گیا ہے کہ ہر لڑکے کا حصہ لڑکی سے دوگنا ہو گا یہ اس لیے کہ اسلام نے معاشی ذمہ داریوں کا بوجھ مرد پر ڈالا ہے اور عورت کو اس سے سبک دوش کر دیا ہے اور جب مرد کمانے کے قابل نہیں رہتا مثلاً باپ دادا وغیرہ تو اس کا حصہ عورت، یعنی ماں دادی وغیرہ کے برابر ہوتا ہے۔[1] ائمہ نے اس بارے اختلاف کیا ہے کہ کیا اولاد کی اولاد، اولاد کے حکم میں داخل ہو گی یا نہیں … جبکہ اس بات میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ پوتے میراث کے معاملے میں ان کے (بیٹوں کی) عدم موجودگی میں بیٹوں کی طرح ہی ہوتے ہیں … اس اولاد میں سے جو کافر ہے وہ بھی لفظ اولاد کے ضمن میں آئے گا، لیکن سنت کی وجہ سے وہ ورثاء کی جماعت سے باہر ہو جائے گا۔ ایسے ہی جان بوجھ کر مُوَرِّث کو قتل کرنے والا بھی سنت اور اجماع کے سبب ورثاء کی جماعت سے باہر ہو جائے گا۔ نیز مخنث (ہیجڑا) اولاد کی ذیل میں داخل ہو گا۔ امام قرطبی رحمہ اللہ کا کہنا ہے کہ علماء نے اس بات پر اجماع کیا ہے کہ ہیجڑا جس راستے سے پیشاب کرتا ہے اسی اعتبار سے اسے وارث بنایا جائے گا، پھر اگر وہ دونوں راستوں سے کرے تو جس سے پہلے پیشاب نکلے اس اعتبار سے، پھر اگر دونوں راستوں سے بیک وقت ہی پیشاب نکلتا ہے تو اسے آدھا حصہ مذکر کے اعتبار سے اور آدھا مونث کے اعتبار سے دیا جائے گا۔ نیز علماء نے اس بات پر اجماع کیا ہے کہ جب اولاد کے ساتھ کوئی مقرر حصے والا فرد ہو تو وہ اسے دے دیا جائے گا اور جو مال باقی بچ جائے وہ مذکر کے لیے ہو گا، دو مونثوں کے برابر۔کیونکہ صحیحین وغیرہ میں حدیث ہے، جس کے یہ الفاظ ہیں : ((اَلْحِقُوا الْفَرَائِضَ بِاَہْلِہَا فَمَا اَبْقَتِ الْفَرَائِضُ فَلِاَوْلٰی رَجُلٍ ذَکَرٍ)) ’’مقرر شدہ حصے ان کے حق داروں کے سپرد کر دو جو حصے حق داروں سے بچے رہیں تو وہ قریبی مرد کے لیے ہیں ۔‘‘ نیز اللہ تمہیں تمہاری اولاد کے بارے نصیحت کرتا ہے کہ ان میں سے مذکر کو دو مونثوں جتنا حصہ دینا ہے، اس سے مراد مذکر و مونث کے اکٹھے ہونے کی حالت میں ہے۔ بہرحال جب انفرادی حالت ہو تو مذکر کے لیے ساری میراث ہو گی جبکہ مونث کے لیے آدھی اور دو یا دو سے زیادہ کے لیے دو تہائی۔[2] |
Book Name | تفسیر النساء |
Writer | الشیخ ابن نواب |
Publisher | دار المعرفۃ پاکستان |
Publish Year | |
Translator | |
Volume | |
Number of Pages | 850 |
Introduction |