امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے بھی اس روایت کو بیان کیا ہے۔ [1]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ انتہائی خوش قسمت ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لیے کئی ایک مواقع پر خیر و برکت کی دعا فرمائی تھی۔
دفن کے بعد قبر پر اجتماعی دعا
سوال: ہمارے ہاں میت کو دفن کرنے کے بعد قبر پر کھڑے ہو کر میت کے لیے اجتماعی دعا کی جاتی ہے، اس پر کچھ لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ اس کا قرآن و حدیث میں کوئی ثبوت نہیں، کتاب و سنت کی روشنی میں اس مسئلہ کی وضاحت فرما دیں۔
جواب: یہ مسنون عمل ہے کہ دفن کے بعد قبر پر کھڑے ہو کر میت کے لیے استغفار اور ثابت قدمی کی دعا کی جائے کیوں کہ قبر میں میت کو زندہ کر کے بٹھایا جاتا ہے اور اس سے سوال و جواب ہوتا ہے، یہ دعا اس کے لیے ثابت قدمی کی ہوتی ہے۔ قبر سے یا قبرستان سے چالیس قدم دور آ کر دعا کرنا قرآن و حدیث سے ثابت نہیں۔ احادیث میں دفن کرنے کے بعد قبر پر کھڑے ہو کر میت کے لیے دعا کرنے کے متعلق ہے جیسا کہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کی تدفین سے فارغ ہوتے تو وہاں کھڑے رہتے پھر فرماتے: ’’اپنے بھائی کے لیے دعا استغفار کرو اور اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے ثابت قدمی کا سوال کرو کیوں کہ اب اس سے سوال و جواب ہوں گے۔‘‘ [2]
اس حدیث میں جمع کا صیغہ آیا ہے لہٰذا یہ دعا اجتماعی ہے انفرادی نہیں، حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا بھی یہی معمول تھا۔ چنانچہ ابن ابی ملیکہ فرماتے ہیں، ’’جب سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما ، سیدنا عبدا للہ بن سائب رضی اللہ عنہ کو دفن کر کے فارغ ہوئے تو لوگ ان کے پاس کھڑے ہو گئے اور انہوں نے کھڑے ہو کر سیدنا عبد اللہ بن سائب رضی اللہ عنہ کے لیے دعا فرمائی۔‘‘ [3]
مصنف عبد الرزاق میں ایک عنوان بایں الفاظ ہے: ’’دفن سے فراغت کے بعد میت کے لیے دعا کرنا۔‘‘… پھر انہوں نے اس سلسلہ میں چند آثار کا حوالہ دیا ہے۔ [4]
سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے بھی اپنے بیٹے کو اس امر کی وصیت کی تھی کہ میری قبر پر اتنی دیر تک کھڑے رہنا، جتنی دیر میں اونٹ ذبح کر کے اس کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔‘‘[5]
قبولیت دعا کے آداب
سوال: میں نماز پنجگانہ ادا کرتی ہوں، لیکن مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ میری دعا قبول نہیں ہوتی، بار ہا ایسا تجربہ کیا ہے، نماز کے بعد میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں، لیکن وہ شرف قبولیت سے محروم رہتی ہے، اس سلسلہ میں میری رہنمائی فرمائیں۔
جواب: دعا کے سلسلہ میں یہ بات ذہن نشین رہے کہ دعا بذات خود عبادت ہے، اور اس سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا
|