اس حدیث کے پیش نظر صورت مسؤلہ میں سائل کو غور کرنا چاہیے۔ (واللہ اعلم)
غیر مسلم کو سلام کا جواب
سوال: میں ایک فیکٹری میں ملازم ہوں، میرے ساتھ کچھ عیسائی بھی کام کرتے ہیں، وہ میل ملاقات کے وقت مجھے سلام کہتے ہیں، کیا انہیں جواب دیتے وقت ’’وعلیکم السلام‘‘ کہا جا سکتا ہے؟ نیز میں انہیں سلام کہہ سکتا ہوں؟ اس کے متعلق کیا ہدایات ہیں؟
جواب: بوقت ملاقات سلام کہنا ہم مسلمانوں کا شعار ہے، ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر یہ حق ہے کہ جب وہ ملے تو اسے سلام کہا جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
’’مسلمان کا دوسرے پر حق ہے کہ جب وہ اس سے ملاقات کرے تو سلام کرے۔‘‘ [1]
اس کے علاوہ ’’السلام علیکم‘‘ دعائیہ کلمات بھی ہیں، جس کے معنی ہے ’’تم پر سلامتی ہو،‘‘ اس بناء پر غیر مسلم کو ’’السلام علیکم‘‘ نہیں کہنا چاہیے، حدیث میں اس کی صراحت ہے۔
چنانچہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہود و نصاریٰ کو تم سلام کرنے میں پہل نہ کرو۔‘‘[2]
امام نووی رحمہ اللہ نے اس حدیث پر بایاں الفاظ عنوان قائم کیا ہے: ’’اہل کتاب کو ابتدائی طور پر سلام کرنے کی ممانعت ہے۔‘‘ اگر وہ سلام کریں تو انہیں ’’وعلیکم السلام‘‘ کہنے کی بجاے صرف ’’وعلیکم‘‘ کہا جائے، اس امر کی بھی حدیث میں صراحت ہے۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب اہل کتاب تمہیں سلام کریں تو جواب میں صرف یہ کہو ’’وعلیکم‘‘ تم پر بھی ہو۔‘‘
اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے آباؤ اجداد سلام کے وقت بد دعا کی نیت کرتے تھے، یعنی وہ ’’السام علیکم‘‘ کہتے تھے، جس کا معنی ہے: ’’تم پر موت واقع ہو۔‘‘ اس کے جواب میں ’’وعلیکم‘‘ کہا جائے کہ جو تم ہمارے لیے مانگتے ہو وہی تم پر ہو۔ اس لیے ان احادیث کی روشنی میں انہیں نہ تو ’’السلام علیکم‘‘ کہا اور نہ ہی ان کے سلام کے جواب میں وعلیکم السلام کہا جائے بلکہ ’’وعلیکم‘‘ کہہ کر جواب دیا جائے۔ واللہ اعلم!
موبائل کا استعمال آداب مجلس کے منافی
سوال: ہمارے ہاں اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ ایک مجلس میں بڑی علمی باتیں ہو رہی ہوتی ہیں لیکن کچھ حضرات اپنے موبائل کے ساتھ مصروف رہتے ہیں، کال کر رہے ہیں، یا سن رہے ہیں، کیا ایسا کرناآداب مجلس کے خلاف نہیں؟ وضاحت کریں۔
جواب: مجلس کے بہت سے آداب ہیں، اس کا ایک اہم ادب یہ ہے کہ پوری توجہ کے ساتھ بات کو سنا جائے اور اچھے
انداز سے اپنی بات کی جائے، کسی ایسے کام میں مصروف نہیں ہونا چاہیے جو بات سننے یا کرنے میں خلل اندوز ہو، ایسا کام کرنا
|