پاک ہونے کا انتظار کرتی، جب پاک ہو جاتی تو غسل کر کے بیت اللہ کا طواف اور صفا مروہ کی سعی کرتی پھر اپنے سر کے بال کاٹ کر عمرے کو پورا کرتی، لیکن وہ میقات سے بغیر احرام کی نیت کیے ہوئے گزری ہے تو اس واجب کے ترک کرنے پر اسے ایک بکری بطور فدیہ دینا ہوگی، جس کا گوشت حرم کے فقراء میں تقسیم کر دیا جائے۔ واللہ اعلم
دوران احرام خوشبودار کریم لگانا
سوال: میں نے رمضان المبارک میں عمرہ کیا اور دوران احرام خوشبودار کریم استعمال کی تاکہ پسینہ آنے کی وجہ سے ماحول میں تکدر پیدا نہ ہو۔ مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ ایسا کرنا جائز نہیں تھا، اب کیا کروں؟
جواب: احرام کی نیت کرنے سے پہلے اپنے بالوں اور جسم پر خوشبو لگانا سنت ہے۔
چنانچہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ ’’میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپ کے احرام باندھنے کے وقت احرام سے پہلے خوشبو لگایا کرتی تھی اور ایسے ہی احرام کھولنے کے بعد، بیت اللہ کا طواف کرنے سے پہلے۔‘‘[1]
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ احرام کی تیاری کے وقت غسل کرتے اور لباس بدلتے ہوئے احرام کی نیت کرنے سے پہلے خوشبو لگا لینا سنت ہے۔ اس خوشبو کا رنگ اور اثر اگر حالت احرام میں باقی رہے تو بھی کوئی حرج نہیں۔ جیسا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: ’’گویا میں کستوری کی اس چمک کو دیکھ رہی ہوں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مانگ میں لگی ہوئی تھی جب آپ احرام میں تھے۔‘‘[2]
عمرہ کرنے والے کے لیے یہ ممنوع عمل ہے کہ وہ احرام کی نیت کرنے کے بعد خوشبو استعمال کرے، اگر کسی نے لاعلمی کی وجہ سے خوشبو کو احرام کی نیت کے بعد استعمال کیا یعنی اسے ممانعت کا علم نہیں تھا یا علم تو تھا لیکن بھول کر خوشبو لگا لی تو ایسی صورت میں کچھ بھی واجب نہیں۔ اگر کوئی جانتے ہوئے دوران احرام خوشبو استعمال کرتا ہے یا خوشبودار کریم لگاتا ہے تو اسے تین کاموں میں سے ایک کام ضرور کرنا ہوگا:
٭ ایک بکری ذبح کرے۔ ٭ چھ مسکینوں کو کھانا کھلائے۔
٭ اگر ان کی استطاعت نہیں تو تین دن کے روزے رکھے۔
سائل نے دوران احرام خوشبودار کریم استعمال کی ہے، اسے چاہیے کہ وہ تفصیل بالا کے مطابق عمل کرے۔
واضح رہے کہ احرام کی چادروں کو خوشبو لگانا کسی صورت میں جائز نہیں۔ ایسا کرنا احرام سے پہلے اور احرام کے بعد دونوں صورتوں میں منع ہے۔ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا احرام پہننے سے منع فرمایا ہے جسے خوشبو لگی ہوئی ہو۔ واللہ اعلم
سن رسیدہ عورت کا محرم کے بغیر عمرہ کرنا
سوال: ہم دونوں میاں بیوی نے عمرہ پر جانے کا پروگرام بنایا ہے، ہمارے ساتھ ایک عمر رسیدہ خاتون بھی جانا چاہتی
|