ہے اور ان کی آواز سنتا ہے تو پھر اس کا تعلق دنیا سے ختم نہیں ہوا اور نہ ہی اس کے اور دنیا کے درمیان کوئی پردہ حائل ہوا ہے۔ یہ تو قرآن کریم کی بیان کردہ حقیقت کے صریح خلاف ہے۔ اس کے علاوہ قرآن کریم میں ہے:
﴿وَ مَاۤ اَنْتَ بِمُسْمِعٍ مَّنْ فِي الْقُبُوْرِ﴾[1]
’’آپ ان اہل قبور کو اپنی آواز نہیں سنا سکتے۔‘‘
ان دلائل کے بعد یہ عقیدہ رکھنا کہ جب بھی کوئی قبر پر آتا ہے تو میت اسے پہچان لیتی ہے، اور اسے اس کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے، بالکل غلط اور کتاب و سنت کے خلاف ہے۔ (واللہ اعلم)
خواب میں فوت شدہ کو بری حالت میں دیکھنا
سوال: میرا چچا فوت ہوا، میں نے اسے خواب میں دیکھا کہ وہ خون آلود ہے، اس خواب کے بعد میں بہت پریشان رہتا ہوں، براہ کرم بتائیں کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
جواب: خواب میں کسی فوت شدہ آدمی کو اچھی یا بری حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، اگر فوت شدہ کو بری حالت میں دیکھا جائے تو یہ شیاطین کی طرف سے مثالی چیزیں ہیں چونکہ شیطان کسی شخص کی مثال برے اندا زمیں پیش کرسکتا ہے تاکہ زندہ آدمی غمگین اور پریشان ہو۔ اس سلسلہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
خواب تین طرح کے ہوتے ہیں:
٭ اچھا خواب اللہ کی طر ف سے بشارت ہوتی ہے۔
٭ برا خواب شیطان کی طر ف سے غمگین کرنے والا ہوتا ہے۔
٭ کچھ خواب بندے کے اپنے اوہام و خیالات ہوتے ہیں۔
جب کوئی خواب میں ناپسندیدہ چیز دیکھے تو اٹھ کھڑا ہو، نماز پڑھے اور اسے لوگوں میں بیان نہ کرے۔ [2]
ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’اچھا خواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے اور برا خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے، جب تم میں سے کوئی ناپسندیدہ چیز دیکھے تو اسے چاہیے کہ اپنی بائیں جانب تین بار تھوکے پھر اس کے شر سے اللہ عزوجل کی پناہ مانگے بلاشبہ وہ اسے نقصان نہیں دے گا۔‘‘[3]
ایک تیسری حدیث میں ہے کہ برا خواب دیکھنے کی صورت میں اپنی کروٹ کو بدل لیا جائے۔[4]
|