گئے۔ جب شیبانی خان کے سامنے پیش کیے گئے تو اس نے ان دونوں کو رہا کر دیا، لیکن یہ فرط غیرت سے آزاد ہوتے ہی خودکشی کر کے مر گئے اور چغتائی خاندان کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔
ان کے بعد بھی منصور خان ابن سلطان احمد اولجہ خان برائے نام مغولستان کا بادشاہ ہوا، مگر حقیقتاً مغولستان پر شیبان خان کی حکومت تھی۔ یہاں تک چنگیز خانی مغلوں کی حکومت و سلطنت کے مختصر حالات بیان کر چکے ہیں ۔ اس کے بعد تیموری مغلوں کے کارنامے بیان ہوں گے مغلوں کی حکومت و سلطنت کے دو حصے یا دو طبقے قرار دیئے جا سکتے ہیں ۔ ایک مغولان چنگیزی دوسرے مغولان تیموری، ہم اس وقت مغولان چنگیزی کا حال بیان کر چکے ہیں ۔ مغولان تیموری کا حال بیان کرنے سے پہلے چند اور ضروری حالات کا بیان کرنا ازبس ضروری ہے۔ تاکہ سلسلہ تاریخ اسلام میں ہم بہت دور آگے نہ نکل جائیں ۔ حالات مذکورہ کے ذہن نشین کرنے اور آئندہ حالات کے سمجھنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ خاندان چنگیزی کا شجرہ نسب اس جگہ درج کر دیا جائے۔ اوپر جو شجرہ درج ہو چکا ہے اس سے یہ بات ظاہر ہو جاتی ہے کہ چنگیز خان اور امیر تیمور کتنی پشتوں کے بعد اوپر جا کر ایک دوسرے سے مل جاتے ہیں ۔ اب چنگیز خان کی اولاد کس طرح متفرع ہوئی۔ ذیل کے شجرہ سے ہویدا ہو گا۔
شجرۂ نسب
٭ شجرۂ نسب جوجی خان ابن چنگیز خان (قوم ازبک)
٭ شجرۂ نسب چغتائی خان ابن چنگیز خان ٭ شجرۂ نسب تولی خان ابن چنگیز خان
مغولان چنگیزی پر ایک نظر:
دنیائے اسلام کا نہایت عظیم الشان اور مشہور حادثہ بغداد کی تباہی ہے۔ جو ہلاکو خان کے ہاتھ سے ہوئی، لیکن ہلاکو خان کا دادا چنگیز خان اس سے پہلے عالم اسلام بالخصوص ایران و خراسان میں مسلمانوں کے خون کی ندیاں بہا چکا تھا۔ چنگیز خان اور ہلاکو خان کے قتل و غارت نے مغولان چنگیزی کو عام طور پر مسلمانوں کی نگاہ میں مبغوض و ملعون بنا رکھا ہے۔ مسلمانوں کا غصہ کچھ بے جا نہیں ، لیکن اگر پہلے زمانے کے مسلمانوں کو غور و تامل کا موقع نہیں ملا تو آج ہم کو یہ موقع خوب حاصل ہے۔ اس وقت تک جس قدر حالات کا ہم مطالعہ کر چکے ہیں ان سے ظاہر ہے کہ حکومت اسلامیہ میں وراثت اور حقوق خاندانی کے دخل پا جانے کی لعنت نے مسلمانوں کی حکومت و سلطنت کے تخت پر ایسے نالائقوں اور بدتمیزوں کو متمکن کر دیا تھا جو کسی طرح بھی مسلمانوں کی سلطنت کو سنبھالنے اور حکومت اسلامیہ کے وقار کو قائم رکھنے کی اہلیت نہیں رکھتے تھے۔ ان نالائقوں کی رہبری و سروری نے مسلمانوں کی قوم میں انواع و اقسام کے
|