ولی عہدی کی بیعت :
ماہ شوال ۲۶۱ھ میں خلیفہ معتمد نے ایک دربار عام کیا اور تمام اراکین دربار کے روبرو اس بات کا اعلان کیا کہ میرے بعد میرا بیٹا جعفر ولی عہد سلطنت ہے اور اس کے بعد میرا بھائی احمد موفق مستحق خلافت ہے، لیکن اگر میری وفات تک جعفر بالغ نہ ہو تو پھر موفق ہی تخت خلافت کا مالک ہو گا اور اس کے بعد جعفر مستحق خلافت سمجھا جائے گا۔
چنانچہ اسی قرار داد پر سب سے بیعت لی گئی، جعفر کو مفوض الی اللہ کا خطاب دیا گیا اور افریقہ، مصر، شام، جزیرہ موصل، آرمینیا کی حکومت اس کو دی گئی، موسیٰ بن بغا کو اس کا نائب مقرر کیا گیا اور احمد موفق کو الناصر الدین اللہ الموفق کا خطاب دے کر بلاد شرقیہ، بغداد، کوفہ، طریق، مکہ، یمن، کسکر، اہواز، فارس، اصفہان، رے، زنجان اور سندھ کی حکومت عطا کی، ان دونوں ولی عہدوں کے لیے دو سفید جھنڈے بنائے گئے، اس بیعت ولی عہدی کے بعد خلیفہ معتمد نے اپنے بھائی موفق کو زنگیوں کی سرکوبی پر مامور کیا۔
جنگ صفار:
موفق ابھی زنگیوں کی جانب روانہ نہیں ہونے پایا تھا کہ خلیفہ کے پاس خبر پہنچی کہ یعقوب صفار خراسان کے قبضہ و انتظام سے فارغ ہو کر دارالخلافہ کی طرف فوجیں لیے ہوئے بڑھ رہا ہے، یہ سن کر سب پریشان ہو گئے۔ موفق برادر خلیفہ کا ارادہ بھی زنگیوں کی طرف جانے کا ملتوی ہو گیا، خلیفہ نے خود دارالخلافہ سے کوچ کر کے مقام زعفرانیہ میں قیام کیا اور اپنے بھائی موفق کو صفار کے مقابلہ پر روانہ کیا۔
موفق کے میمنہ میں موسیٰ بن بغا اور میسرہ میں مسرور بلخی افسر تھا، قلب کی سرداری خود موفق کے ہاتھ میں تھی، صبح سے عصر کے وقت تک نہایت خوں ریز جنگ ہوئی، کبھی صفار کی فوج پیچھے ہٹ جاتی تھی کبھی موفق کی، فتح و شکست کا کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا کہ اتنے میں خلیفہ نے موفق کی کمک کے لیے ایک اور فوج بھیج دی، اس تازہ دم امداد کے آ جانے سے یعقوب بن لیث کی فوج پر آثار ہزیمت نمودار ہو گئے، یعقوب صفار اور اس کی فوج میدان جنگ سے فرار ہو گئے، موفق کی فوج نے اس کے لشکر گاہ کو خوب لوٹا۔
صفار میدان جنگ سے شکست کھا کر خوزستان کی طرف روانہ ہوا اور مقام جندی سابور میں جا کر قیام کیا، موفق صفار کا تعاقب نہیں کر سکا بلکہ واسط میں آکر مقیم ہوا اور وہاں سے بیمار ہو کر بغداد چلا آیا۔
ادھر موفق اور صفار مصروف جنگ تھے، ادھر محمد بن واصل نے جو پہلے صفار سے شکست کھا کر اور صوبہ فارس چھنوا کر بھاگا ہوا تھا، موقع مناسب سمجھا اور اس نے خروج کر کے میدان خالی پا کر فارس پر قبضہ کر لیا۔
|