عرض کیا کہ حرب بن عبدالرحمن کو اندلس کی حکومت سے تبدیل کر دیجئے اور کسی رحم دل حاکم کو مقرر کیجئے، سیّدنا عمر بن عبدالعزیز نے حرب بن عبدالرحمن کو حکومت اندلس سے معزول کر کے سمح بن مالک خولانی کو جو صوبہ افریقہ کی افواج کا سپہ سالار تھا، اندلس کی حکومت پر مامور فرمایا، سمح بن مالک نے اندلس پہنچ کر حرب بن عبدالرحمن کو معزول کیا اورخود زمام حکومت اپنے ہاتھ میں لی، حرب بن عبدالرحمن بن عبدالرحمن ثقفی نے اندلس میں دو برس آٹھ مہینے حکومت کی۔
سمح بن مالک :
امیر سمح بن مالک خولانی، اگرچہ ایک فوجی آدمی اور طارق بن زیاد کے ہمراہیوں میں سے تھا، لیکن اس نے اندلس کی زمام حکومت اپنے ہاتھ میں لیتے ہی سب سے پہلے عدل و داد اور رعایا کی خوش حالی کے سامانوں کی فراہمی شروع کی، امیر سمح کی حکومت سیّدنا عمر بن عبدالعزیز کی حکومت کا عکس تھا۔
اندلس کی مردم شماری :
سیّدنا عمر بن عبدالعزیز کے حکم سے اس امیر نے ملک اندلس کی مردم شماری کرائی جس سے ہر قوم، ہر قبیلے اور ہر ایک مذہب کے لوگوں کی الگ الگ تعداد معلوم ہو گئی، بربری لوگوں کو امیر سمح نے غیرآباد علاقوں میں آباد کر کے زراعت و حرفت کی طرف رغبت دلائی، جس میں ان کو کامیابی حاصل ہوئی۔ ملک اندلس کا ایک جغرافیہ تیار کرایا، جس میں ہر شہر و قصبے کی آبادی، اس کا محل وقوع اور ضروری حالات درج تھے، ایک شہر سے دوسرے شہر کا فاصلہ، دریا، پہاڑ وغیرہ سب کے حالات درج تھے، ملک کی تجارتی اشیاء کی فہرست، بنا در کے حالات معدنی اشیاء کی کیفیت، غرض نہایت مکمل و مشرح جغرافیہ ملک اندلس کا تیار کر کے خلیفہ کی خدمت میں روانہ کیا، ایک نقشہ بھی ملک اندلس کا تیار کرا کر بھیجا، تجارت وزراعت میں سہولت پیدا کی، جزیہ و عشروخمس و خراج وغیرہ کے پختہ قانون رائج کیے، پھر شہر سرقسطہ میں ایک مسجد اور قرطبہ میں دریائے وادی الکبیر کا مشہور و معروف پل تیار کرایا، اس کے علاوہ جابجا اور بھی مسجدیں اور پل تیار کرائے، غرض چند روز میں اس امیر نے اندلس کو امن وامان اور عدل و انصاف سے پر کر دیا، امیر سمح کو امرائے اندلس میں وہی مرتبہ اور وہی نسبت حاصل ہے جو تمام خلفائے بنو امیہ میں سیّدنا عمر بن عبدالعزیز کو حاصل تھی۔
جنوبی فرانس پر پیش قدمی :
اس امیر کے ابتدائی عہد حکومت کو دیکھ کر یہ خیال بھی نہیں ، آتا تھا کہ وہ کوئی جنگ جو اور شمشیر زن سپہ سالار بھی بن سکتا ہے، لیکن ملک اندلس کے اندرونی انتظام و استحکام سے فارغ ہو کر خلیفہ کی اجازت
|