Maktaba Wahhabi

355 - 868
زوال ہوا، جتنے دنوں چنگیزی مغلوں نے ایشیا کے ملکوں پر حکومت کی تھی، قریباً اتنے ہی دنوں تیموری مغلوں کا دور دورہ رہا۔ جب ایران و ترکستان وغیرہ سے تیموری خاندان کی حکومت مٹ گئی تو تیمور کی اولاد میں ایک شخص بابر پیدا ہوا، اس نے ہندوستان و افغانستان میں ایک زبردست حکومت کی بنیاد ڈالی جو عرصہ تک اس کے خاندان میں باقی رہی۔ دولت عثمانیہ ترکی: ترکان غز کا تذکرہ اوپر کہیں آ چکا ہے، ان ترکان غز کے اکثر قبائل کو سلجوقیوں نے دھکیل کر صوبہ آرمینیا اور بحیرہ قزوین کے ساحلوں کی طرف پہنچا دیا تھا، انہی میں ایک وہ قبیلہ تھا جس کو سلطنت عثمانیہ قائم کرنے کا فخر حاصل ہوا، جب سلاطین سلجوقیہ کا دور دورہ ختم ہوا اور تاتاریوں نے ایشیا کے ملکوں میں ہنگامے برپا کرنے شروع کر دئے تو اس زمانے میں ایشیائے کوچک کے اس حصہ میں جو مسلمانوں کے قبضہ میں تھا، دس بارہ چھوٹی چھوٹی ریاستیں قائم تھیں ، ان ریاسیوں میں اکثر سلجوقی شہزادے یا سلجوقیوں کے موالی حکومت کرتے تھے، انہی میں ایک ریاست سرحد آرمینیا پر ترکان غز کے مذکورہ قبیلہ کے سردار سلیمان خان کے قبضہ میں تھی، ۶۲۱ھ میں جب مغلوں نے علاء الدین کیقباد کی ریاست پر حملہ کیا تو سلیمان خاں اور اس کے بیٹے ارطغرل نے اپنے ہم قوم ترکوں کو لے کر مغلوں کے خلاف علاء الدین کیقباد کی مدد کی، یہ مدد عین وقت پر پہنچی اور اس سے مغلوں کو شکست کھا کر فرار ہونا پڑا لہٰذا علاء الدین کیقباد سلجوقی نے سلیمان کو خلعت دے کر اپنی فوج کا سپہ سالار بنایا اور اس کے بیٹے ارطغرل کو شہر انگورہ کے قریب ایک وسیع جاگیر عطا کی۔ علاء الدین سلجوقی کا داراسلطنت اس زمانہ میں شہر قونیہ تھا، ارطغرل کی جاگیر اور ریاست قیصر روم کے علاقے کی سرحد پر واقع تھی، ارطغرل نے اپنے باپ کے فوت ہونے پر اپنی ریاست کو وسیع کیا، کچھ علاقہ سلطان قونیہ سے انعام و اکرام کے طور پر حاصل کیا اور کچھ عیسائی علاقے کو دبایا، اس طرح ارطغرل کی ایک قابل تذکرہ ریاست قائم ہو گئی، مغلوں نے ایشیائے کوچک کے ان چھوٹے رؤساء سے کچھ زیادہ تعرض نہیں کیا اور ان کو ان کے حال پر قائم رہنے دیا۔ ۶۴۱ھ میں علاء الدین کیقباد سلجوقی کے بیٹے غیاث الدین کیخسرو کو مغلوں کا خراج گزار ہونا پڑا، ۶۵۷ھ میں ارطغرل کا بیٹا عثمان خان پیدا ہوا، ۶۸۷ھ میں ارطغرل فوت ہوا اور اس کا بیٹا عثمان خان بعمر تیس سال باپ کی جگہ ریاست کا مالک و فرماں روا ہوا، شاہ قونیہ یعنی غیاث الدین کیخسرو سلجوقی نے
Flag Counter