کیا تو انہوں نے یوسف بن تاشفین سے مدد کی درخواست کی، یوسف بن تاشفین نے اندلس یعنی ہسپانیہ میں جا کر عیسائیوں کو ایک بڑے معرکہ میں شکست فاش دے کر ان کی کمر توڑ دی، اس کے بعد وہ تین ہزار بربری یعنی لشکر مرابطین کو اندلس میں حفاظت کے لیے چھوڑ کر خود افریقہ یعنی مراکش کو واپس چلا آیا۔
چار برس کے بعد عیسائیوں نے پھر اندلس کے مسلمانوں کو تنگ کیا اور انہوں نے یوسف سے مدد کی استدعاء کی، اس مرتبہ اس نے عیسائیوں کو… شکست فاش دے کر اندلس کے اسلامی علاقے کو اپنی سلطنت کا ایک صوبہ بنا لیا، غرض مرابطین کی حکومت میں بہت جلد اندلس، مراکش، تیونس، الجیریا، طرابلس شامل ہو گئے، بحری قوت کی جانب اس خاندان نے زیادہ توجہ نہیں کی، ۵۵۱ھ تک مرابطین کی حکومت قائم رہی، اپنے بہادرانہ کارناموں سے ایک سو سال تک انہوں نے عیسائی طاقتوں کا ناطقہ بند رکھا۔
دولت الموحدین:
بربر کے قبیلہ مسمودا کا ایک شخص ابو عبداللہ محمد بن تومرت جو جبل سوس کا باشندہ تھا، علم حدیث و اصول و فقہ کا جید عالم اور عربی علم و ادب کا خوب ماہر تھا، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر میں بھی وہ خوب مستعد تھا، نصیحت گری و حق گوئی میں اس کے سامنے امیر و غریب کا مرتبہ یکساں تھا! اس کے زہد نے اس کو سادہ لباس اور سادہ غذا پر قانع کر دیا تھا، ایک جماعت اس کی تابع تھی اور اس کو مہدی کے نام سے پکارتی تھی، اپنے متبعین میں اس کو شاہانہ اختیارات حاصل تھے۔ ۵۲۲ھ میں جب اس کا انتقال ہوا تو وہ اپنے فرقہ کی جس کا نام موحدین رکھا تھا امارت اپنے دوست عبدالمومن کو سپرد کر گیا۔
عبدالمومن نے سلطنت مرابطین کے خلاف خروج کر کے فتوحات شروع کر دیں ، آخر دو سال کے عرصہ میں اس نے مرابطین سے بہت سا علاقہ چھین کر ۵۲۴ھ میں اپنی حکومت قائم کر لی، ۵۴۱ھ میں اس نے مرابطین کے دارالسلطنت مراکو کو فتح کر لیا اور چند روز کے بعد ان کا خاتمہ کر کے… اندلس میں فوج بھیجی، اندلس و مراکش پر قبضہ کر لینے کے بعد اپنا لقب امیر المومنین رکھا، اس کے بعد ۵۴۷ھ میں الجیریا کو فتح کر کے صمادیہ خاندان کا خاتمہ کر دیا، طرابلس کو فتح کر لینے کے بعد اس کی سلطنت، سرحد مصر سے بحرا طلانطک تک قائم ہو گئی جس میں اندلس کا ملک بھی شامل تھا۔
۶۳۲ھ میں موحدین کی فوج کو عیسائیوں کے مقابلے میں ایسی سخت شکست ہوئی کہ وہ اندلس میں اپنی حکومت قائم نہ رکھ سکے، مگر اندلس کے سلاطین غرناطہ برابر عیسائیوں کا مقابلہ کرتے رہے، اندلس کی حکومت کے نکل جانے سے خاندان موحدین میں ضعف و تنزل کے آثار نمایاں ہو گئے، اس کے بعد
|