Maktaba Wahhabi

791 - 868
شیروں کا ایک دوسرے پر حملہ آور ہونا بلاشک بڑی ہی ہیبت ناک اور زہرہ شگاف مناظر ہوتے ہیں ، لیکن انگورہ کے میدان میں تیمور و بایزید دو مسلمان بادشاہوں ، دنیا کے دو عظیم الشان فتح مندوں دنیا کے دو سب سے بلند بہادروں کا ایک دوسرے سے نبرد آزما ہونا سب سے بڑھ کر ہیبت ناک اور سب سے زیادہ زہرہ شگاف نظارہ تھا۔ دو پہاڑ اپنی اپنی جگہ سے حرکت کر کے ایک دوسرے کو ریزہ ریزہ کر دنیے کے لیے میدان انگورہ کی طرف بڑھے تھے یا دو سمندر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے جوش میں آ گئے تھے۔ بہر حال جنگ انگورہ دنیا کا ایک نہایت عظیم الشان اور لانظیر واقعہ ہے۔ اس لڑائی میں سلطان بایزید خان یلدرم کا بیٹا موسیٰ بھی باپ کے ساتھ قید ہو گیا تھا۔ شہزادہ محمد اور شہزادہ عیسیٰ جنگ سے بھاگ کر اپنی جان بچا سکے تھے۔ تیمور نے سلطان بایزید خان یلدرم کو ایک قفس آہنی میں قید کیا اور اس لڑائی کے بعد اسی حالت قید میں اس کو اپنے ساتھ ساتھ سفر میں لیے پھرا۔ سلطان بایزید خان یلدرم کو جو ایک عالی جاہ شہنشاہ تھا اس طرح ذلت کے ساتھ قید کرنا اور اس کی تشہیر و رسوائی سے لطف حاصل کرنا تیمور کے شریفانہ اخلاق پر ایک سیاہ اور مکروہ دھبہ ہے۔ بہادروں اور شریفوں کو جب اپنے دشمن پر پورا پورا قابو حاصل ہو جاتا ہے تو وہ اس مجبور و مغلوب دشمن پر ہمیشہ احسان کرنے کی کوشش کیا کرتے ہیں ۔ سلطان الپ ارسلان سلجوقی نے جب قیصر قسطنطنیہ کو ملا ذکرد کے میدان جنگ میں گرفتار کیا تو اس کو نہایت عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا اور اس کے مقبوضہ ملک کا پھر اس کو فرماں روا بنا دیا۔ سکندر یونانی کے سامنے جب پنجاب کا راجہ گرفتار ہو کر آیا تو اس نے صرف یہ کہ پنجاب کا ملک ہی اس کو دیا ہو بلکہ اس میں اور بھی ملک اپنی طرف سے اضافہ کر کے اس کو پنجاب کا فرماں روا بنا دیا خود سلطان بایزید خان یلدرم نے نکوپولس کے میدان جنگ میں ۲۵ شہزادوں کو گرفتار کیا اور پھر سب کو یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ جاؤ اب دوبارہ پھر اچھی طرح میرے مقابلے کے لیے تیاری کرو۔ افسوس کہ ایسے بے نظیر بہادر اور ایسے مجاہد اسلام پر قابو پا کر تیمور نے جو سلوک اس کے ساتھ کیا۔ اس سے تیمور کی بہادری و ملک گیری کا مرتبہ نگاہوں سے گر جاتا ہے۔ تیمور نے سلطان بایزید خان یلدرم کو اس طرح کٹہرے میں رکھا جس طرح شیروں کو کٹہرے میں بند رکھا جاتا ہے۔ اس سے ایک شاعرانہ تسکین بخش تخیل ضرور پیدا ہوتا ہے کہ اس نے اس عثمانی شیر کو شیر ہی سمجھ کر قفس آہنی میں بند کیا تھا لیکن اس کا کوئی جواب نہیں ہو سکتا کہ تیمور کی آدمیت انسان و حیوان میں کوئی فرق نہ دیکھ سکی۔ سلطان بایزید خان یلدرم کو جنگ انگورہ کے نتیجے میں جو ذلت سہنی پڑی وہ معمولی نہ تھی اور اسی لیے وہ اس سخت و شدید قید میں آٹھ مہینے سے زیادہ نہ رہ سکا۔ تیمور نے سلطان بایزید خان یلدرم کے فوت ہو
Flag Counter