سے پہلا کام یہ کیا کہ ایشیائے کوچک میں ایک زبردست محکمہ خفیہ پولیس کا قائم کیا اور حکم دیا کہ ان لوگوں کی ایک نہایت صحیح اور مکمل فہرست تیار کی جائے، جو اسماعیل صفوی کے منادوں کی تعلیم سے اپنے پرانے عقیدے کو ترک کر کے شیعہ مذہب اختیار کر چکے ہیں اور ساتھ ہی اسماعیل صفوی کو اپنا پیشوا مانتے اور اس پر نثار ہونے کے لیے تیار ہیں یہ فہرست بہت جلد تیار ہو کر سلطان کی خدمت میں پیش ہوئی تو معلوم ہوا کہ ایشیائے کوچک میں ستر ہزار آدمی ایسے موجود ہیں جو اسمٰعیل صفوی کے حملہ آور ہوتے ہی بلا توقف مسلح ہو کر بغاوت پر آمادہ اور سلطان عثمانی کے خلاف شمشیر زنی میں مطلق کوتاہی نہ کریں گے، جب اس عظیم الشان سازش اور اس کے خطرناک نتائج پر سلیم نے نظر ڈالی تو اس کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی مگر اس نے اپنے آپ کو سنبھالا اور مطلق اظہار بے تابی نہ کیا بلکہ نہایت احتیاط اور انتظام کے ساتھ تمام ان مرکزی مقاموں پر جہاں جہاں ان غدار اور باغی لوگوں کی کثرت تھی باغیوں کی تعداد کے مساوی فوج بھیج دی اور ہر جگہ کے فوج کے افسروں کو وہاں کے غداروں کی فہرست دے کر حکم دیا کہ فلاں تاریخ کو ہر ایک باغی کے لیے ایک ایک سپاہی نامزد کر دو اور سمجھا دو کہ تاریخ و وقت مقررہ پر اس شخص کو قتل کر دینا تمہارا فرض ہے ساتھ ہی اس بات کی بھی سخت تاکید کی کہ قبل از وقت یہ راز افشا نہ ہونے پائے، چنانچہ اس حکم کی بڑی احتیاط کے ساتھ تعمیل ہوئی اور ایک ہی تاریخ اور ایک ہی وقت مقررہ پر ایشیائے کوچک کے طول و عرض میں چالیس پچاس ہزار کے قریب باغی اس طرح قتل ہوئے کہ کسی عثمانی سپاہی کو کوئی زخم نہیں پہنچا ان لوگوں کا بیک وقت اس طرح ہلاک ہونا شیعوں کے لیے بڑا ہیبت ناک واقعہ تھا، جو لوگ باقی رہ گئے ہوں گے ان کی ہمتیں پست ہو گئیں اور وہ مرعوب و خائف ہو کر اپنے فاسد خیالات سے خود بخود تائب ہو گئے، اسمٰعیل صفوی کی سازش کو اس طرح ناکام بنانا سلطان سلیم کی بڑی عظیم الشان فتح تھی، لیکن اسمٰعیل صفوی اس خبر کو سن کر بہت ہی پیچ و تاب میں آیا، مگر صاف لفظوں میں کوئی شکایت نہ کر سکا، آخر وہ ضبط نہ کر سکا اور اس نے فوجوں کی فراہمی اور سامان جنگ کی درستی کا حکم عام جاری کر کے اعلان کیا کہ ہم ایشیائے کوچک پر اس لیے حملہ آور ہونے والے ہیں کہ شہزادہ مراد بن احمد عثمانی کو اس کا آبائی تخت دلائیں اور سلیم عثمانی کو گرفتار کر کے معزول کر دیں یہ خبر سن کر سلیم عثمانی نے دربار عام میں اپنے اراکین سلطنت اور فوجی سرداروں کو مخاطب کر کے کہا کہ ہم ملک ایران پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں اس زمانے میں اسمٰعیل صفوی کی طاقت و ہیبت کے افسانے اس قدر مشہور ہو چکے تھے اور خود ترکی فوج بھی اس سے شکست پائی ہوئی تھی، نیز ترکستان کے بادشاہ شیبانی خاں کو اسمٰعیل صفوی قتل کر چکا تھا لہٰذا حاضرین دربار اسماعیل صفوی پر چڑھائی کرنے کو بہت ہی خطرناک اقدام تصور کرتے تھے چنانچہ سب
|