Maktaba Wahhabi

668 - 868
اس کا بیٹا تیمور تاش باپ کا جانشین ہوا۔ تیمور تاش کا بیٹا منگلی خان اور منگلی خان کا بیٹا یلدوز خان کا جونیہ بہادر تھا۔ جونیہ بہادر کے ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام الان قوار کھا گیا۔ الان قواکی شادی اپنے چچا زاد بھائی دوبو بیان نامی سے ہوئی۔ دوبو بیان کے نطفہ سے الان قوا کے دو بیٹے یلکدائی اور یک جدائی پیدا ہوئے۔ الان قوا کا شوہر دوبو بیان اپنے قبیلہ کا افسر اور حکمران تھا۔ ان دو بیٹوں کو کم سنی کی حالت میں چھوڑ کر دوبو بیان فوت ہو گیا۔ قبیلہ مغول نے اپنے سردار کے فوت ہونے پر اس کی بیوہ الان قوا کو اپنے قبیلہ کی سرداری تفویض کی۔ ایک روز الان قوا اپنے کمرہ میں تنہا رات کے وقت سونے کے لیے لیٹی ابھی نیند نہ آنے پائی تھی کہ اس نے اپنے کمرہ کی کھڑکی یا روشندان میں سے ایک روشنی داخل ہوتے ہوئے دیکھی۔ یہ روشنی قرص آفتاب کی شکل میں کمرہ میں داخل ہو کر فوراً الان قوا کے منہ میں داخل ہو گئی۔ الان قوا فوراً گھبرا کر اٹھی اپنی ماں اور سہیلیوں کو اس واقعہ سے مطلع کیا۔ چند روز کے بعد آثار حمل نمایاں ہوئے۔ لوگوں کو جب حمل کی اطلاع ہوئی تو انہوں نے طعن و تشنیع شروع کی ملکہ الان قوا نے اکابر قوم کو جمع کیا اور کہا کہ تم چند روزرات کو میرے کمرے کے پاس قیام کرو تم پر حقیقت منکشف ہو جائے گی۔ چنانچہ انہوں نے دیکھا کہ ایک نور آسمان سے اترتا اور ملکہ کی خرگاہ میں جاتا اور پھر شعلہ نور خرگاہ سے نکلتا اور آسمان کو چلا جاتا ہے۔ اس مشاہدے کے بعد سب کو ملکہ کی صداقت کا یقین آیا اور روح القدس سے اس کا حاملہ ہونا تسلیم کیا۔ [1] ایام حمل پورے ہوئے تو الان قوا کے تین بیٹے پیدا ہوئے۔ جن کے نام بوقون قیقی یوسفین سالجی اور بوز بخرقاآن رکھے گئے۔ اس طرح الان قوا کے پانچ بیٹے ہو گئے جن میں دو تو دو بوبیان کے نطفہ سے تھے اور تین بلا باپ کے پیدا ہوئے۔ یلکدائی اور یکجدائی کی اولاد تو قبیلہ درلیکن کے نام سے موسوم ہوئی۔ بوقون قیقی کی اولاد قوم قیقین کے نام سے اور یوسفین سالجی کی اولاد قوم سالجیوت کے نام سے مشہور ہوئی۔ بوز بخر قاآن کی اولاد بوز بخری کہلائی۔ الان قوا کی وفات کے بعد بوز بخر اپنی ماں کا جانشین اور قبائل مغول کا حاکم ہوا۔ بوز بخر اپنے آپ کو آفتاب کا بیٹا کہا کرتا تھا اور ابو مسلم خرسانی مروی کے زمانہ میں موجود تھا۔ اسی بوز بخر کی اولاد میں چنگیز خان اور تیمور اور مغلوں کے اکثر مشہور قبائل پیدا ہوئے۔ چنگیز خان اور تیمور کا نسبی تعلق معلوم کرنے کے لیے ذیل کے شجرہ پر نظر ڈالو:
Flag Counter