سلطانوں کے ہاتھ میں حکومت و طاقت تھی، اسی لیے بغداد میں ان کی ولی عہدی و جانشینی زیادہ اہم سمجھی جاتی تھی کیونکہ اس کا تعلق حکومت و سلطنت سے تھا، یوں سمجھنا چاہیے کہ بغداد میں ویلمیوں کا پہلا بادشاہ معز الدولہ تھا، اب ان کا دوسرا بادشاہ عزالدولہ تخت نشیں ہوا۔
عز الدولہ نے ابو الفضل عباس بن حسین شیرازی کو اپنا وزیر بنایا اسی سال جعتی بن معز الدولہ نے بصرہ میں اپنے بھائی عز الدولہ کے خلافت علم بغاوت بلند کیا، ابو الفضل عباس اس کی سرکوبی کو گیا اور مقید کر کے عز الدولہ کے پاس لایا، اس نے اس کو قید کر دیا، ۳۶۲ھ میں عز الدولہ نے ابو الفضل عباس کو وزارت سے معزول کر کے محمد بن بقیہ کو عہدہ وزارت عطا کیا۔
محمد بن بقیہ ایک ادنیٰ درجہ کا آدمی تھا، عزالدولہ کے باورچی خانہ کا مہتمم تھا، اسی سال ابو تغلب بن ناصر الدولہ بن حمدان نے موصل میں اپنے باپ ناصر الدولہ کو قید کر لیا اور خود حکومت کرنے لگا، ابو تغلب کی شادی عز الدولہ کی لڑکی سے ہوئی تھی جس کا اوپر ذکر ہو چکا ہے۔ ابو تغلب کے دو بھائی ابراہیم و حمدان موصل سے بھاگ کر بغداد میں عزالدولہ کے پاس آئے اور ابو تغلب کی شکایت کر کے اس کے خلاف عز الدولہ سے امداد طلب کی، عز الدولہ نے اپنے وزیر محمد بن بقیہ اور سپہ سالار سبکتگین کو ہمراہ لے کر موصل پر چڑھائی کی، ابو تغلب موصل سے مع دفاتر سنجار چلا گیا۔
عزالدولہ موصل میں داخل ہوا اور ابو تغلب نے سنجار سے بغداد کا قصد کیا، یہ سن کر عزالدولہ نے ابن بقیہ اور سبکتگین کو بغداد کے بچانے کے لیے بغداد کی طرف بھیجا اور خود موصل میں رہا، ابن بقیہ ابو تغلب کے پہنچنے سے پہلے بغداد میں پہنچ گیا، اور سبکتگین نے بغداد کے باہر ابو تغلب کا مقابلہ کر کے اس کو روکنا چاہا۔
ادھر ابو تغلب اور سبکتگین کی لڑائیاں شروع ہوئیں ، ادھر بغداد میں شیعوں اور سنیوں کے درمیان فساد برپا ہوا، اس فساد کی خبر سن کر سبکتگین اور ابو تغلب نے آپس میں صلح کر لی، اور یہ ارادہ کیا کہ عزالدولہ اور تمام شیعوں کو بے دخل کر کے نئے خلیفہ کو تخت نشین کرنا چاہیے، مگر بعد میں کچھ سوچ کر اس ارادے سے باز رہے اور ابن بقیہ کو بغداد سے بلا کر ابو تغلب سے سبکتگین نے شرائط صلح طے کرا لیں ، ان شرائط کی موافق عزالدولہ کو ابن بقیہ نے لکھا کہ آپ موصل سے بغداد آ جائیں اور ابو تغلب کو موصل کی حکومت سپرد کر دیں ۔
ابو تغلب موصل پہنچا اور عزالدولہ اپنے خسر سے بغل گیر ہو کر ملا، عزالدولہ بغداد کی طرف آگیا، بغداد آکر عزالدولہ نے ترکوں کو سخت سزائیں دیں ، اس کا حال سن کر سبکتگین نے جو بغداد میں تھا عَلم
|