جماعت اسلامی کا نظریہ حدیث اور مدیر فاران کراچی
حضرت سلفی رحمہ اللہ نے مولانا مودودی کے مضمون ’’مسلک اعتدال‘‘ اور اس کی تائید و تصویب میں مولانا امین احسن اصلاحی کے لکھے گئے ایک مضمون پر تعاقب کیا، جو ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘(23 مارچ 1956ء) کی متعدد اقساط میں شائع ہوا اور بعد ازاں ’’جماعت اسلامی کا نظریہ حدیث‘‘ کے عنوان سے مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ کی تصدیر و اہتمام کے ساتھ مکتبہ سلفیہ لاہور سے طبع ہوا۔
یہ رسالہ جہاں اپنوں کی نگاہ میں بنظر استحسان دیکھا گیا، وہاں جماعت اسلامی کے رسائل و جرائد میں اس پر نقد و تبصرہ بھی کیا گیا، چنانچہ جنوری 1957 کے ’’فاران‘‘ کراچی میں مولانا ماہر القادری نے بھی اپنا حق وفاداری نبھاتے ہوئے مذکورہ بالا رسالہ کا تنقیدی جائزہ لیا۔
جس کے جواب میں حضرت سلفی رحمہ اللہ نے ماہنامہ ’’رحیق‘‘ (فروری 1957ء) میں مذکورہ بالا مضمون رقم فرمایا، جس میں انہوں نے ماہر صاحب کے اشکالات و اعتراضات کا جائزہ لیا اور زیر بحث موضوع کے کئی پہلوؤں کو قرآن و حدیث کے دلائل اور ائمہ لغت و اصول کے اقوال و آراء سے مبرہن کیا۔
|