Maktaba Wahhabi

284 - 676
سنت کی حمایت کا وہ مقام بدل لیا، جس پر ہم قرونِ خیر سے آج تک قائم تھے۔ اس انحراف اور حیدہ کی جناب سے امید نہ تھی۔ (10) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل اور اس پر استمرار ثابت کرنے کے لیے تواتر کا ذخیرہ تو بہت ہی مختصر ہے۔ اگر آحاد پر اعتماد کیا جائے تو مولانا کے نقطہ نظر سے اثبات الظن بالظن ہو گا اور بصورتِ اول زندگی کے عام گوشوں میں اس کا نتیجہ انکارِ حدیث ہو گا، کیونکہ دفاتر سنت میں جو کچھ ملتا ہے، یہ تعریف اس پر صادق نہیں آتی۔ نیز مولانا کی یہ تعلیق ایسی ہے، جیسے کوئی کہے کہ میں سنت کو حجتِ قطعی سمجھتا ہوں، لیکن سنت کی تعریف یہ ہے کہ امام شافعی رحمہ اللہ یا امام احمد رحمہ اللہ کی حیثیت کے آدمی از اول تا آخر اسے روایت کریں۔ سنگین شروط کا نتیجہ انکار ہی ہو گا۔ (11) اس تعریف کے مطابق صوم عاشوراء جو غالباً آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی دفعہ رکھا۔ نماز تراویح جسے حضرت نے رمضان میں صرف تین دن باجماعت ادا فرمایا۔ دعاءِ استفتاح کے مختلف صیغ جن پر مختلف اوقات میں عمل فرمایا، ایسے ہی دوسری عملی سنتیں جن پر استمرار ثابت نہیں یا وہ زیرِ بحث ہے، اس تعریف میں کیسے شامل ہوں گی؟ ان کی سنیت سے انکار اس تعریف کے مطابق دشوار نہیں ہو گا۔ (12) سنت کی تعریف میں بعض اہل علم کچھ قیود کے ساتھ عادات اور عبادات دونوں کو شامل سمجھتے ہیں، بعض صرف تعبدی امور ہی کو سنت میں داخل جانتے ہیں – یہ بحث اپنی جگہ محلِ نظر و غور ہے – لیکن مولانا کی تعریف اس باب میں بھی خاموش ہے۔ عاداتِ مستمرہ کو خارج کرنے کے لیے تعریف میں کوئی فصل نہیں۔ آپ کی اس تعریف کو زیادہ سے زیادہ اتنی اہمیت دی جا سکتی ہے کہ اگر کوئی عمل اس شرائط سے ثابت ہو جائے تو وہ بھی سنت ہو گا۔ (13) اصطلاحات کے تعین کا ہر شخص کو حق حاصل ہے، لیکن اس کو ائمہ کی متعینہ اصطلاحات کی جگہ نہیں دی جا سکتی۔ مثلاً اگر کوئی یہ کہے کہ میرے نزدیک صلوٰۃ کا مفہوم ربوبیت کبریٰ ہے اور آخرت سے مراد یوم الحساب نہیں بلکہ اسی دنیا میں کل کی فکر اور زندگی میں مستقبل کی فکر ہے، اور ملائکہ سے مراد قدرت کے وہ کرشمے ہیں جو اسی دنیا میں انسان کے لیے مسخر فرمائے گئے ہیں۔ صوم سے مراد جذبات پر صرف انضباط اور کنٹرول ہے، وغیرہ وغیرہ۔ اپنی جگہ یہ چیزیں کتنی ہی مفید کیوں نہ ہوں، مگر اس سے صوم و صلوٰۃ، ایمان بالآخرۃ اور ایمان بالملائکہ کے متعلق متعارف اور مصطلح مفہوم ثابت نہیں ہو گا۔ اسی طرح سنت کے متعلق ایک جدید اصطلاح کی حد تک تو اس پر غور ہو سکتا ہے، لیکن وہ
Flag Counter