Maktaba Wahhabi

120 - 676
امن قائم ہوا، خلفائے بنی امیہ نے شخصی کمزوریوں کے باوجود جہاد فی سبیل اللہ کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ہندوستان، اندلس، بربر، الجزائر، تمام علاقے جنگ ہی سے اسلامی قلم رو میں شامل ہوئے۔ پھر آپ کے قلم اور دماغ نے سازش کا نزلہ صرف فارس پر کیوں گرایا؟ اگر محض ملک گیری اور فتوحات کی بنا پر بغاوتیں، سازشیں تصنیف کی جا سکتی ہیں تو حجازی سازش، ہندوستانی سازش، بربری سازش اور اندلسی سازش کیوں نہیں بنائی گئی؟ کیا شام کے یہودی معصوم تھے؟ عراق اور روم کے مشرک اور عیسائی فارسیوں سے زیادہ پاکباز تھے؟ ان کی حکومتیں مسلمانوں کے ہاتھوں موت کے گھاٹ نہیں اتریں؟ مصر میں اسلامی فتوحات سے قبطی اور مصری قوموں کا وقار پامال نہیں ہوا؟ پھر آپ مصری سازش کے متعلق کیوں نہیں سوچتے؟ اگر عقل کا دیوالا نہیں دے دیا گیا تو اپنی فتوحات کی پوری تاریخ پر غور فرمائیے! چین کے سوا شاید ہی کوئی ملک ہے جہاں مسلمانوں کے خون نے زمین کو لالہ زار نہ کیا ہو۔ مغربی سمندر کے سواحل پر آپ کی فوجیں برسوں لنگر انداز رہیں، ان لوگوں پر آپ کو سازش کا شبہ کیوں نہیں؟ آپ الٹا خود ہی ان کی سازش کا شکار ہو گئے۔۔! غزالی، ابنِ مکرم، ابنِ عربی، ابن العربی، شاطبی، ابنِ حزم، یحییٰ بن یحییٰ، مسعودی وغیرہم، قرطبہ اور اندلس کے علماء کو کیوں سازشی نہیں کہا جاتا؟ اگر خراسان، بخارا، قزوین، ترمذ، نساء کے علماء پر حدیث کے سلسلہ میں سازشی ہونے کی تہمت اس لیے لگائی گئی ہے کہ ان بزرگوں نے سنت کے پرانے تذکروں، صحابہ اور تابعین کی بیاضوں اور سلفِ امت کے مسودات سے تدوینِ حدیث کے لیے راہیں ہموار کیں تو علماءِ اندلس نے بھی سنت کی کچھ کم خدمت نہیں کی۔ شروحِ حدیث، فقہ الحدیث اور علوم سنت کی خدمت میں ان بزرگوں نے لاکھوں صفحات لکھ ڈالے۔ ان خدمات کو کیوں سازش نہیں کہا گیا؟ منکرین سنت کے پورے خاندان میں کوئی عقل مند نہیں جو ان حقائق پر سنجیدگی سے غور کرے؟ کیا دینی علوم اور فنونِ نبوت کی ساری داستان میں آپ کو صرف علماءِ فارس ہی نظر آئے؟ من كان هٰذا القدر مبلغ علمه فليستتر بالصمت والكتمان [1]
Flag Counter