25 حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اللہ سے) اللہ کا واسطہ دے کر جنت کے سوا کچھ نہ مانگا جائے۔‘‘ (سنن أبي داود، حدیث: 1671)
26 حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’اس چیز کی حرص کر جو تیرے لیے مفید ہو اور صرف اللہ تعالیٰ سے مانگ اور عاجز ہوکر نہ بیٹھ جا اور اگر تجھے کوئی مصیبت اور پریشانی آ پہنچے تو یوں نہ کہہ کہ اگر میں یہ کر لیتا تو یوں ہوجاتا بلکہ یوں کہہ: ’’یہ اللہ کا فیصلہ ہے اس نے جو چاہا سو کیا۔‘‘اس لیے کہ ’’اگر‘‘ کہنا شیطانی عمل دخل کا سبب بنتا ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، حدیث: 2664)
27 حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث (جامع الترمذي، حدیث: 2252) کے مطابق ہوا اور آندھی کو گالی دینے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے (کیونکہ دراصل یہ اللہ پر ناراضی کا بالواسطہ اظہار ہے۔)
28 سورۂ فتح (6:48) کے مطابق اللہ تعالیٰ کی بابت بدگمانی کرنے پر شدید وعید کی گئی ہے۔
29 حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: اس شخص سے بڑا ظالم کون ہو گا جو میری مخلوق جیسی مخلوق بنانے کی کوشش کرتا ہے، یہ لوگ ایک ذرہ، ایک دانہ یا ایک جو ہی بنا کر دکھلائیں۔‘‘ (صحیح البخاري، حدیث: 7559، وصحیح مسلم، حدیث: 2111)
29 حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیامت کے دن سب سے زیادہ سخت عذاب ان لوگوں کو ہو گا جو پیدا کرنے اور بنانے میں اللہ تعالیٰ کی مشابہت کرتے ہیں۔‘‘ (صحیح البخاري، حدیث: 5954، وصحیح مسلم، حدیث: 2107)
30 حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’ہر مصور جہنم میں جائے گا، اس کی بنائی ہوئی ہر تصویر کے بدلے ایک جان بنائی جائے گی جس کے ذریعے سے اس (مصور) کو جہنم میں عذاب دیا جائے گا۔‘‘ (صحیح البخاري، حدیث: 5963، وصحیح مسلم، حدیث: 2110 واللفظ لہ)
|