14
قُرب قیامت
بحیثیت مسلمان ہمیں اس حقیقت کا ہر آن احساس رہنا چاہیے کہ قیامت قریب آچکی ہے تاکہ ہم غافل نہ رہیں۔صاف ظاہر ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم آخری پیغمبر ہیں، اب کوئی پیغمبر نہیں آئے گا۔ مخلوقات اور کائنات کا یہ کھیل اب ختم ہونے کو ہے، اس لیے ہمیں اپنی اُخروی زندگی کے لیے جو کچھ بھی کرنا ہے جلد از جلد کر لینا چاہیے اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے چاہئیں۔قرب قیامت کے سلسلہ میں مندرجہ ذیل احادیث رہنما ہیں:
’’آخری زمانے میں خذف، قذف اور مسخ ہوگا۔ عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ کب ہوگا؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’جب گانے بجانے کے آلات اور گانے بجانے والی عورتیں ظاہر ہوں گی، نیز شراب کو (عملاً) حلال سمجھ لیا جائے گا۔‘‘(المعجم الکبیر للطبراني: 150/6، حدیث: 5810)
’’میری امت کے کچھ لوگ زنا، ریشم، شراب اور موسیقی کو حلال کر لیں گے۔‘‘ (صحیح البخاري، حدیث: 5590)
’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی جان ہے! میری امت کے کچھ لوگ فخر و غرور اور کھیل تماشے میں رات بسر کریں گے لیکن صبح کے وقت بندر اور سؤر بنے ہوئے ہوں گے، حرام کو حلال ٹھہرانے، گانے والیوں کے عام ہونے، شراب پینے، سود کھانے اور ریشم پہننے کی وجہ سے۔‘‘ (مسند أحمد: 329/5)
|