5
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی، افضل البشر اور امامُ الانبیاء ہیں۔ آپ پر آخری آسمانی کتاب قرآن مجید نازل ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اُسوئہ حَسَنہ کی پیروی رہتی دنیا تک کے انسانوں اور جنوںّ کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ اُمت محمدیہ کے لیے صرف قرآن مجید اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا قول و عمل (قرآن و سنت) واجب الاطاعت ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگو! میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کر جارہا ہوں ایک ’’قرآن‘‘ اور دوسری میری ’’سنت۔‘‘ (المستدرک للحاکم: 93/1) لہٰذا مسلمانوں کو قرآن و سنت ہی کو مضبوطی سے تھامنا چاہیے اور دوسروں کی بجائے صرف امام الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرنی چاہیے، علاوہ ازیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، آپ کے اہلِ بیت اور آپ کے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت اہلِ ایمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔
رسول صلی اللہ علیہ وسلم اورمومن اللہ پر اور ملائکہ، کتابوں اور رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں
﴿ آمَنَ الرَّسُولُ بِمَا أُنزِلَ إِلَيْهِ مِن رَّبِّهِ وَالْمُؤْمِنُونَ ۚ كُلٌّ آمَنَ بِاللَّـهِ وَمَلَائِكَتِهِ وَكُتُبِهِ وَرُسُلِهِ لَا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِّن رُّسُلِهِ﴾( البقرۃ 2: 285)
’’رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) اس (ہدایت) پر ایمان لائے ہیں جو ان کے رب کی طرف سے ان پر نازل کی گئی ہے اور سارے مومن بھی، سب اللہ پر اور اس کے فرشتوں پر اور اس کی کتابوں پر اور اس کے رسولوں پر ایمان لائے ہیں۔ (وہ کہتے ہیں:)ہم اس کے رسولوں میں سے کسی ایک میں بھی فرق نہیں کرتے۔‘‘
|