قرابت داروں اور دیگر اہل ایمان کے لیے سفارش کریں گے۔ ان کے علاوہ عام نیکو کار لوگ بھی شفاعت کر سکیں گے، حتی کہ آدمی اپنے گھر والوں ، پڑوسیوں اور دیگر لوگوں کی بھی شفاعت کر سکے گا۔
اللہ کا اپنے رحم و فضل سے لوگوں کو جہنم سے نکالنا
٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
((ویخرج اللہ من النار أقواماً بغیر شفاعۃ، بل بفضلہ ورحمتہ۔))
’’اللہ تعالیٰ کئی لوگوں کو بغیر کسی کی شفاعت کے محض اپنے فضل اور رحمت سے جہنم سے نکال لے گا۔‘‘
شرح:…یعنی اللہ تبارک وتعالیٰ گناہ گار اہل ایمان میں سے جسے چاہے گا اسے بد ون شفاعت جہنم سے باہر نکال لے گا۔ اور یہ اس کے فضل و کرم اور رحمت سے ہوگا، اس لیے کہ اس کی رحمت اس کے غضب پر حاوی ہے۔ جب انبیاء و رسل نیک لوگ اور فرشتے شفاعت کر چکے ہوں گے، یہاں تک کہ صرف ارحم الراحمین باقی رہ جائے گا تو اللہ تعالیٰ جسے چاہے گا بدون شفاعت جہنم سے نکال لے گا۔ حتی کہ جہنم میں صرف اصحاب جہنم ہی باقی رہ جائیں گے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:’’اللہ تعالیٰ فرمائے گا: فرشتے شفاعت کر چکے، انبیاء بھی کر چکے اور اہل ایمان بھی۔ اور سوائے ارحم الراحمین کے کوئی بھی باقی نہیں رہا، پھر اللہ تعالیٰ جہنم سے ایک مٹھی بھرے گا اوراس سے کچھ ایسے لوگوں کو باہر نکال لے گا جنہوں نے کبھی کوئی اچھا کام نہیں کیا ہو گا۔ یہ لوگ جہنم میں کوئلے بن چکے ہوں گے۔‘‘[1]
٭ قیامت کے دن وقوع پذیر ہونے والے بارہویں کام کا مؤلف رحمہ اللہ یوں ذکر کرتے ہیں :
((وَیَبْقٰی فِی الْجَنَّۃِ فَضْلٌ عَمَّنْ دَخَلَہَا مِنْ اَہْلِ الدُّنْیَا۔))
’’جنت میں ان لوگوں سے کچھ جگہ بچ جائے گی جو اہل دنیا میں سے اس میں داخل ہوں گے۔‘‘
شرح:…جس جنت کی چوڑائی آسمانوں اور زمین کے برابر ہے اس میں تمام جنتی داخل ہو جائیں گے، مگر وہ پھر بھی بھر نہیں سکے گی۔ جبکہ اللہ تعالیٰ نے جنت اور جہنم دونوں کو بھرنے کا خود ذمہ اٹھا رکھا ہے۔
جہنم میں لوگوں کو ڈالا جاتا رہے گا، مگر وہ ہل من مزید؟ ہل من مزید؟ پکارتی رہے گی مگر اس کے باوصف بھی بھر نہیں سکے گی، چنانچہ اللہ تعالیٰ اس پر اپنا قدم مبارک رکھے گا جس سے وہ آپس میں سکڑ جائے گی اور بس بس کراٹھے گی۔[2]
رہی جنت تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے نئے لوگوں کو پیدا فرمائے گا جو محض اللہ کے فضل و احسان اور رحمت سے اس میں داخل ہو ں گے۔ یہ صحیحین میں [3] نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی حدیث سے ثابت ہے اور ارشاد
|