Maktaba Wahhabi

401 - 552
شرح:…[فَمَنْ ] … (من) شرطیہ ہے۔ اور جواب شرط ﴿فَاُوْلٰٓئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴾ جملہ ہے۔ جملہ جزائیہ کو حصر کے انداز میں ، جملہ اسمیہ کی صورت میں لایا گیا، جو کہ ثبوت اور استمرار کا فائدہ دیتا ہے۔ اور بعد پر دلالت کرنے والا اسم اِشارہ ﴿فَاُوْلٰٓئِکَ﴾ ان کے علو مرتبت کی طر ف اشارہ کرتا ہے۔ ﴿ہُمُ﴾ ضمیر فصل ہے جو کہ حصر اور تو کید کا فائدہ دیتی ہے، نیز خبر اور صفت کے درمیان فصل کا فائدہ دیتی ہے۔ مفلح وہ آدمی ہوتا ہے جو مطلوب کے حصول میں کامیاب ہو جائے اور مرہوب (جس سے ڈرا جائے) سے نجات پا جائے۔ اس طرح اس کی پسندیدہ چیز اسے حاصل ہو جائے اور غیر پسندیدہ چیز سے محفوظ رہے۔ ترازو بھاری ہونے سے مراد نیکیوں کا برائیوں سے بڑھ جاتا ہے۔ قرآنی آیت : ﴿فَمَنْ ثَقُلَتْ مَوَازِیْنُہٗ فَاُوْلٰٓئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴾ میں عربی گرائمر کی رو سے ایک اشکال ہے، اور وہ یہ کہ ﴿مَوَازِیْنُہٗ﴾ میں ضمیر مفردہے جبکہ ﴿فَاُوْلٰٓئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴾ میں جمع۔ اس کا جواب یہ ہے کہ ﴿مَنْ﴾ شرطیہ، جمع و افراد دونوں کے لیے مستعمل ہے، لفظ کے اعتبار سے اس کی طرف مفرد ضمیر لوٹتی ہے اور معنی کے اعتبار سے جمع۔ جس جگہ بھی ﴿مَنْ﴾ استعمال ہوگا، اس کی طرف ضمیر کا بالا فراد لوٹنا بھی جائز ہے۔‘‘ اور بالجمع بھی۔ قرآن مجید میں اس طرح کا استعمال کثرت کے ساتھ ہوا ہے۔ مثلاً ارشاد ہوتا ہے: ﴿وَمَنْ یُّؤْمِنْ بِاللّٰہِ وَیَعْمَلْ صَالِحًا یُدْخِلْہُ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِہَا الْاَنْہٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْہَا اَبَدًا قَدْ اَحْسَنَ اللّٰہُ لَہٗ رِزْقًاo﴾ ’’اور جو شخص اللہ پر ایمان لائے گا اور نیک عمل کرے گا تو اللہ اسے ایسے باغات میں داخل کرے گا جن میں نہریں بہتی ہوں گی، وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رہیں گے، یقینا اللہ نے اسے اچھا رزق دیا ہے۔‘‘ اس آیہ کریمہ میں پہلے لفظ کا خیال رکھا گیا، پھر معنی کا اور پھر لفظ کا۔ گناہوں کی زیادتی کے سبب انسان کی تباہی ٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ﴿وَمَنْ خَفَّتْ مَوَازِیْنُہٗ فَاُوْلٰٓئِکَ الَّذِیْنَ خَسِرُوْا اَنفُسَہُمْ فِیْ جَہَنَّمَ خٰلِدُوْنَo﴾ (المؤمنون:۱۰۳) ’’اور جس شخص کے ترازو ہلکے ہو گئے تو یہی ہیں وہ لوگ جنہوں نے نقصان پہنچایا اپنے آپ کو جہنم میں ہمیشہ رہیں گے۔‘‘ اس جگہ اشارہ بعد کے لیے ہے، اور یہ ان کی تحقیر کے لیے ہے نہ کہ تعظیم کے لیے۔ ﴿خَسِرُوْا اَنفُسَہُمْ﴾ کافر اپنے آپ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، اپنے اہل و عیال کو بھی اور اپنے مال کو بھی۔
Flag Counter