ہو کر رہے گا اور اسے اللہ دنیا میں بھی لوگوں پر ظاہر کرے گا۔
اس جگہ رؤیت، علمی اور بصری دونوں طرح کی رؤیت کو شامل ہے۔
اور آیت میں ان دونوں کا اثبات ہے۔
اللہ تعالیٰ کی صفت سمع و رؤیت پر ایمان لانے کے فوائد
اللہ تعالیٰ کی صفت رؤیت پر ایمان رکھنے سے انسان کے دل میں معصیت کا ارتکاب کرتے وقت اللہ کا ڈر پیدا ہوتا اور اطاعت کرتے وقت اس سے امیدیں وابستہ ہوتی ہیں ، اس لیے کہ ہمارا ایمان ہوتا ہے کہ اللہ ہمیں دیکھ رہا ہے وہ ہمارے گناہوں کی ہمیں سزا کرا دے گا اور نیکیوں کے اجر وثواب سے نوازے گا۔
جہاں تک سمع کا تعلق ہے تو چونکہ انسان کا اس بات پر ایمان ہوتا ہے کہ میرا اللہ میری ہر بات سن رہا ہے، لہٰذا وہ وہی بات کرے گا جو اللہ کو پسند آئے اور ہر اس بات سے اجتناب کرے گا جو اسے ناراض کر دے۔
اللہ تعالیٰ کے لیے صفت مکر وکید اور محال کا اثبات
٭ مؤلف نے چار آیات میں مندرجہ ذیل قریب المعنی تین صفات ذکر کی ہیں : محال، مکر اور کید۔
محال کے بارے میں پہلی آیت: ﴿وَہُوَ) شَدِیْدُ الْمِحَالِ ﴾ ’’اور وہ سخت سزا دینے والا ہے۔‘‘
شرح:…اس آیت کا دوسرا معنی یہ کیا گیا ہے: ’’اور وہ سخت تدبیر کرنے والا ہے۔ اس معنی کی رو سے محال، حیلہ سے ماخوذ ہوگا، جس کا مطلب ہے: دشمن پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے حیلہ گری سے کام لینا۔ مؤلف نے اسی معنی کو اختیار کیا ہے، اس لیے کہ وہ اسے مکرو کید پر مشتمل آیات کے سیاق میں لائے ہیں ، مکر کی تفسیر میں علماء فرماتے ہیں : دشمن پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے مخفی اسباب اختیار کرنا بایں طور کہ اسے اس کا احساس تک نہ ہو۔
مکر کسی جگہ قابل تعریف ہوتا ہے اور کسی جگہ قابل مذمت، اگر وہ مکر کرنے والے کے مقابلہ میں ہو تو قابل تعریف ہوگا، اس لیے کہ یہ اس امر کا متقاضی ہے کہ آپ اس سے قوی ہیں اور اگر یہ اس کے علاوہ کسی اور موقع پر ہو تو قابل مذمت ہوگا اور خیانت کہلائے گا، اس کی وجہ ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس کے ساتھ اپنے آپ کو صرف مقابلہ وتقیید کی صورت میں موصوف کیا ہے۔جیسا کہ ارشاد ہوتا ہے:
﴿وَمَکَرُوْا مَکْرًا وَّمَکَرْنَا مَکْرًا وَّہُمْ لَا یَشْعُرُوْنَ﴾ (النحل:۵۰)
’’انہوں نے بھی خوب تدبیر کی اور ہم نے بھی اور وہ سمجھ نہیں رہے تھے۔‘‘
﴿وَیَمْکُرُوْنَ وَیَمْکُرُ اللّٰہُ﴾ (الانفال:۳۰)’’وہ بھی تدبیریں کر رہے تھے اور اللہ بھی تدبیر کر رہا تھا۔‘‘
اللہ رب العزت کو مکر کے ساتھ علی الاطلاق موصوف نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا یہ کہنا جائز نہیں ہے کہ اللہ مکر کرنے والاہے ۔
|