[ہاشم] … ہاشم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تیسرے باپ ہیں ۔
موالات اُمہات المؤمنین
٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
((ویتولون أزواج رسول اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم امہات المومنین۔))
’’اہل سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات امہات المومنین سے بھی محبت و عقیدت رکھتے ہیں ۔‘‘
شرح:…[امہات المومنین۔] … مؤلف کا یہ قول ’’ازواج‘‘ کی صفت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں اکرام و احترام اور صلہ و سلوک میں ہماری مائیں ہیں ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿اَلنَّبِیُّ اَوْلٰی بِالْمُؤْمِنِیْنَ مِنْ اَنْفُسِہِمْ وَاَزْوَاجُہٗٓ اُمَّہٰتُہُمْ﴾ (الاحزاب:۶)
’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم مومنوں پر ان کی اپنی جانوں سے بھی زیادہ حق رکھتے ہیں اور ان کی بیویاں ان کی مائیں ہیں ۔‘‘
اہل سنت ان سے محبت و عقیدت رکھتے، اور ان کا دفاع کرتے ہیں ۔ اور اس بات کا اعتقاد رکھتے ہیں کہ وہ روئے زمین کی تمام بیویوں سے افضل ہیں ، جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں ہیں ۔
سیّدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے فضائل
٭ مؤلف رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
((ویومنون بانہن أزواجہ فی الآخرۃ خصوصاً خدیجۃ رضی اللہ عنہما اَم اکثر أولادہ و اَوّل من أمن بہ وعاضدہ علی أمرہ وکان لہا منہ المنزلۃ العالیۃ۔))
’’اور ان کا ایمان ہے کہ وہ آخرت میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں ہوں گی، خاص طور پر خدیجہ رضی اللہ عنہا جو آپ کی زیادہ تر اولاد کی ماں ہیں ، سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہما آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے پہلے ایمان لائیں اور آپ کے معاملے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تقویت دی۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہما کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک بڑا بلند مقام و مرتبہ حاصل تھا۔
شرح:…[خصوصاً خدیجۃ رضی اللہ عنہما ] … یہ مصدر ہے اور اس کا عامل مخدوف ہے۔ یعنی: أخص خصوصاً۔
خدیجۃ بنت خویلد رضی اللہ عنہا : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سب سے پہلے ان سے شادی کی۔ اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر پچیس سال اور سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہما کی عمر چالیس سال تھی۔ آپ بڑی دانا اور عقل مند خاتون تھیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے بہت زیادہ فائدہ اٹھایا، اور ان کی موجودگی میں کسی دوسری خاتون سے شادی نہیں فرمائی۔ اور جس طرح کہ مؤلف نے فرمایا وہ ’’أم أکثر اولادہ‘‘ آپ علیہ الصلاۃ والسلام کی زیادہ تر اولاد کی ماں تھیں ، وہ بچے ہوں یا بچیاں ۔
مؤلف رحمہ اللہ نے ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد کی ماں ‘‘ نہیں کہا! اس لیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزند ارجمند ابراہیم ان کے بطن اطہر سے متولد نہیں ہوئے تھے، ان کی ماں ماریہ قبطیہ تھیں ۔
|